لاہور پولیس تھانوں اور پولیس دفاتر کا انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے، سی سی پی او

37

لاہور۔21جنوری  (اے پی پی):سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس تھانوں اور پولیس دفاتر کا انفراسٹرکچر بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہے۔انہوں نے یہ بات تھانہ باغبانپورہ کی نئی تعمیر شدہ سٹیٹ آف دی آرٹ عمارت کی افتتاحی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔سربراہ لاہور پولیس غلام محمود ڈوگر تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔سی ٹی او ڈاکٹر اسد ملہی،ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف،ایس پی کینٹ رضا تنویر،ایس پی آفتاب احمد پھلروان،ایس ڈی پی او باغبانپورہ اور سینئر پولیس افسران نے تقریب میں شرکت کی۔ ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف نے سی سی پی او لاہور کو نئی عمارت کے اغراض و مقاصد، فراہم کی جانے والی سہولیات اور لاہور پولیس کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے کئے جانے والے اقدامات بارے بریفنگ دی۔سی سی پی او لاہور نے تھانہ باغبانپورہ کی عمارت کی بروقت تکمیل اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایل ڈی اے حکام،ایس ایس پی ایڈمن عاطف نذیر،ڈی ایس پی ڈویلپمنٹ مصطفی حسن، انچارج بلڈنگز چوہدری اشتیاق برانچ کی کارکردگی کو سراہا۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے تھانہ باغبانپورہ کی نئی عمارت کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار کو سراہا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ لاہور پولیس کے 80 فیصد تھانوں کو  جدید سہولیات سے مزین اپنی ذاتی بلڈنگز فراہم کر دی گئی ہیں۔غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ تھانے محکمہ پولیس کی بنیادی اکائی اور انصاف کی فراہمی کا اولین ذریعہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تھانوں اور پولیس دفاتر میں جدید سہولیات،سپاہ کے لئے ورکنگ کنڈیشن بہتر بنانامشن ہے۔انہوں نے کہا کہ تھانوں میں جدید سہولیات کی فراہمی سے شہریوں کے لئے  پولیس کی سروس ڈیلیوری کا معیار مزید بہتر ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ تھانہ باغبانپورہ 1952 میں قائم ہوا تھا جس کی پرانی عمارت اورنج لائن میٹرو ٹریک کی زد میں آنے سے متاثر ہوئی تھی۔ایل ڈی اے نے تھانہ کا بقیہ حصہ مسمار کرکے 07 کروڑ روپے کی لاگت سے نئی جدید بلڈنگ تعمیر کروا دی۔تھانہ باغبانپورہ کی نئی عمارت میں آپریشنز اور انوسٹی گیشن کے دفاتر ہیں۔عمارت میں فرنٹ ڈیسک،ایس ایچ او،انچارج انوسٹی گیشن رومز، مردو خواتین کے لئے علیحدہ حوالات شامل ہیں۔ تھانہ باغبانپورہ کی نئی عمارت میں 20 سے زائد کشادہ کمرے،ریکارڈ روم، 05 ہزار گیلن گنجائش کا واٹر ٹینک شامل ہے۔جوانوں کی رہائش کے لئے 02 کشادہ بیرکس، 02جدید کچن اور میس شامل ہیں۔یاد رہے کہ سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کی حالیہ تعیناتی کے دوران تھانہ چوہنگ،گوالمنڈی، قلعہ گجر سنگھ،گلشن راوی اور تھانہ فیصل ٹان کی نئی بلڈنگز تعمیر ہوئیں۔ڈویژنل ڈولفن سکواڈ ہیڈکوارٹرز سٹی ڈویژن اور ایس ڈی پی او نولکھا کے دفتر کی نئی عمارت تعمیر ہوئی۔کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز کے مختلف برانچز میں فلور ٹائلنگ، پینلنگ، سیلنگ، الیکٹرک ورک، ریکارڈ ریکس اور ورکنگ سٹیشنز بھی بنائے گئے ہیں۔