لسبیلہ واقعہ میں ڈرائیور اور کمپنی مالک پر ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے، مذکورہ بس کا پرمٹ بھی منسوخ کردیا گیا ،چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی

13

کوئٹہ۔30جنوری  (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا ہے کہ لسبیلہ واقعہ انتہائی دلخراش تھا، دیکھا گیا ہے کہ بس مالکان اور ڈرائیوروں کی جانب سے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے،  لسبیلہ واقعہ میں   ڈرائیور اور کمپنی مالک پر ایف آئی آر کاٹ دی گئی ہے اور مذکورہ بس کا پرمٹ بھی منسوخ کردیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ خضدار سے حب تک موٹروے پولیس کی موجودگی نہیں اور موٹروے پولیس کی عدم موجودگی کی وجہ سے  ڈرائیور حضرات احتیاطی تدابیر کو  نظرانداز کرتے ہیں،عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے گاڑیوں کی رفتار قابو کرنے کیلئے دوسال قبل ٹریکرز لگائے گئے تھے تاہم بعض ڈارئیورز اس کی خلاف ورزی کرتے ہیں جس سے اس قسم کے واقعات پیش آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ لسبیلہ واقعہ کی پولیس تحقیقات کررہی ہے،ملوث افراد کیخلاف کارروائی ضرور ہوگی،چیف سیکرٹری بلوچستان نے واضح کیا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی پبلک ٹرانسپورٹ میں سپلائی پر سختی سے پابندی ہے اگر کوئی بھی ٹرانسپورٹ کمپنی یا افراد اس میں ملوث پائے گئے تو کوئی رعایت روا نہیں رکھی جائے گی ۔