لیشمینیا کی روک تھام کے لئے وسیع پیمانے پر آگاہی کی ضرورت ہے ، پراجیکٹ کوآرڈینیٹر ایم ایس ایف کیٹرین مئیلک

27

کوئٹہ۔30جنوری  (اے پی پی):کوئٹہ میں ایم ایس ایف کی پروجیکٹ کوآرڈینیٹر کیٹرین مئیلک نے کہا ہے کہ پاکستان میں لیشمینیا کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے  ،  اس کی روک تھام کے لئے وسیع پیمانے پر آگاہی کی ضرورت ہے تاکہ مریض خود کو سینڈ فلائی کے کاٹنے سے بچا سکیں اور بروقت تشخیص و علاج کی سہولت حاصل کر سکیں لیشمینیا   اہم ٹراپیکل  بیماریوں میں سے ایک ہے جوکہ ناصرف  ملک بلکہ صوبہ بلوچستان کے لیے بھی  صحت عامہ کا ایک بڑا مسئلہ  ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں صحافیوں کو ایک بریفنگ دیتے ہوئے کیا اس موقع پر ایم ایس ایف کے رابطہ افسر شہزاد بدر بھی موجود تھے طبیبان بے سرحد ایم ایس ایف کی کوآرڈینٹر نے بتایا کہ کوئٹہ میں چلنے والے وزارت صحت کے لیشمینیاسینٹرز میں تشخیص، مخصوص علاج، محفوظ اور موثر ادویات، زخم کی دیکھ بھال، بیماری سے متعلق آگاہی ،اور اس کے تدارک و علاج کی سہولیات فراہم کررہے ہیں۔ایم ایس ایف لیشمینیامیں مبتلا مریضوں کو ذہنی صحت میں بھی مدد فراہم کرتی ہے ایم ایس ایف،ضلع کوئٹہ میں کچلاک  ہیلتھ سینٹر، بینظیر بھٹو ہسپتال۔بی بی ایچ اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں  وزارت صحت کے ساتھ مل کرلیشمینیا کے تین تشخیص و علاج کے مراکز چلارہی ہے، جہاں اس وقت 1,067 مریض زیر علاج ہیں 2022 کے دوران، ایم ایس ایف کی ٹیموں نےکوئٹہ میں  لشمینیا کے 8,391 مریضوں کو اسکریننگ اور 4,678 افرادکو علاج کی سہولیات فراہم کیں  ،اسی طرح ملک بھر میں  11,424 افراد کو  اسکریننگ جبکہ 6,688 مریضوں کوعلاج  کی سہولیات فراہم کیں ۔ صوبہ بلوچستان کے اندر ایم ایس ایف لیشمینیا کے علاج کی سہولت  فراہم کرنے والی صحت کی سب سے بڑی تنظیم ہے ،جس یہ  تمام تر خدمات بالکل  مفت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لشمینیا ایک قابل علاج مرض ہے، تاہم ،ملک میں اس کے علاج کی مناسب سہولیات  دستیاب نہیں ، جوکہ عموماً مہنگابھی ہے۔یہ بیماری سینڈ فلائی کے کاٹنے سے پھیلنے والے طفیلیے کی وجہ سے ہوتی ہے جو چھوٹے زخموں کی صورت ظاہر ہوتی ہے۔ اگرچہ لیشمینیا کوئی جان لیوا  مرض نہیں ، لیکن یہ شدید جسمانی بگاڑ پیدا کرسکتی ہے جو کہ شدید نفسیاتی مسائل کے ساتھ معاشرتی رویوں  اور امتیازی سلوک کا باعث بن سکتا ہے انہوں نے کہا کہ ایم ایس ایف خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں حکام صحت کے ساتھ مل کرلیشمینیا کے لیے طبی نگہداشت فراہم کر رہی  ہے، جس میں ضرورت مند مریضوں کے لیے  دماغی صحت کی سہولت بھی شامل ہے ۔