محمد نواز شریف جلد عوام کے درمیان ہوں گے، ملکی معیشت کو گرداب سے نکالیں گے، مریم نواز کا جلسہ سے خطاب

9

لاہور۔28جنوری  (اے پی پی): مسلم لیگ( ن) کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہاہے کہ محمد نواز شریف آج بھی پاکستان کے مقبول ترین لیڈر ہیں،وہ بہت جلد عوام کے درمیان ہوں گے، انتخابات میں مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی،محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک ایک بار پھر ترقی کرے گا،ہم معیشت کو گرداب سے نکالیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز وطن واپسی پر لاہور ایئر پورٹ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما  مصدق ملک ، عطاتارڑ،خواجہ عمران نذیر،سیف الملوک کھوکھر، طلال چوہدری،کیپٹن (ر) محمدصفدر،بلال یسین،محمد زبیر، عابد شیر علی،رانامبشر حسن اورثانیہ عاشق سمیت پارٹی کار کنان کی بڑی تعداد نے مریم نواز کا والہانہ استقبال کیا۔ جلسے سے خطاب کرتے ہو ئے مریم نواز نے کہا کہ شاندار استقبال کرنے پر میں مسلم لیگ ن کے غیور کارکنان کی مشکور ہوں،تمام کارکنوں کو محمد نواز شریف کی طرف سے سلام پیش کرتی ہوں،محمد نواز شریف کے حوصلے بلندہیں، میں اللہ تعالی کے بعد محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی بہت مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے پاکستان کی خدمت کیلئے پارٹی میں نئی ذمہ داریاں سونپی ہیں جن پرمیں پورا اترنے کی بھرپور کوشش کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی محمد نواز شریف پاکستان کے سب سے بڑ ے لیڈر ہیں، انکی قیادت میں ملک ایک بار پھر ترقی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے کہا کہ پاکستانی قوم سے وعدہ ہے کہ ملک کو مشکلات سے نکالیں گے، مسلم لیگ ن نے پاکستان کو پہلے بھی مشکلات سے نکالا اور اب بھی نکالیں گے،مسلم لیگ ن کے شیر انتخابات سے نہیں گھبراتے، محمد نواز شریف کو احساس ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے اور ہم عوام کو مہنگائی کے گرداب نکالنے کیلئے سر توڑ کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کو صرف اقامہ کی بنیاد پر اقتدار سے نکالا گیا، محمد نواز شریف کی 9سالہ کارکردگی کو پاکستان کی 75 سالہ تاریخ سے نکال دیا جائے تو ملک میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچے گا، پاکستان انشاء اللہ محمد نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ ترقی کی طرف گامزن ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے حوالے سے مسلم لیگ ن کو طعنے دینے والوں کو سن لینا چاہیے کہ  عمران خان کواپنے دورہ حکومت میں ٹی وی کے ذریعے مہنگائی کا پتہ چلتا تھا، وہ پرچیاں پڑھ پڑھ کر چیزوں کی قیمتیں بتاتا تھا، عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں ملک کی معیشت کو جس نہج پر پہنچا دیا ،اسے ٹھیک کرنے میں کچھ وقت لگے گا،عمران خان کو اپنے دور کا حساب دینا ہوگا ۔ مریم نواز نے کہا کہ عمران خان جن حکومتوں کے بل بوتے پر اپنے خرچے چلاتا تھا،سکیورٹی اور ہیلی کاپٹر  استعمال کرتا تھا ،اس نے خود ہی پنجاب اور خیبر پختونخواہ صوبوں میں اپنی حکومتیں ختم کیں اور اب خود ہی رورہے ہیں اور سڑکوں پر  واویلا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پہلے اپنی چار سالہ حکومت کا حساب دینا ہوگا، پھر ہم اپنی 8ماہ کی حکومت کا حساب دیں گے، انتقام کا نشانہ بنانے والے عمران خان کو جب ٹی وی سکرین پر روتا دیکھتے ہیں تو ہمیں ان پر ترس آتا ہے، اب عمران خان کی باقی کی زندگی بھی روتے روتے گزر جائے گی۔