مظفرگڑھ: تیزاب سے بھرا ٹینکر ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کرتے ہوئے الٹ گیا

12

مظفرگڑھ 30 جنوری(اے پی پی): تیزاب سے بھرا ٹینکر ٹریکٹر ٹرالی کو اوورٹیک کرتے ہوئے الٹ گیا۔ ریسکیو کنٹرول روم مظفرگڑھ کے مطابق مظفرگڑھ جھنگ روڈ پر مظفرگڑھ کے نواح میں کھنگن شمالی کے قریب 20 ہزار لیٹر سلفیورک ایسڈ سے بھرا ٹینکر آج صبح 5 بجے گنے سے لوڈڈ ٹریکٹر ٹرالی کو اوور ٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے کچے میں الٹ گیا۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کنٹرول روم مظفرگڑھ نے فوراً قریبی پوائنٹ خانپور بگا شیر سے ایمبولینس اور سنٹرل اسٹیشن سے فاٸر وہیکل کو جائے حادثہ پر روانہ کروا دیا اور پولیس کنٹرول کو بھی انفارم کر دیا۔ریسکیو سٹاف نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کسی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے علاقے کو کارڈن آف کر دیا۔

 ٹینکی کےڈھکن سے تقریباً 100 سے 150 لیٹر تیزاب بہہ کر کچی زمین میں جذب ہوگیا،  ایمرجنسی کی نوعیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کنٹرول روم سٹاف نے WISER Application کی مدد سے موقع پر موجود ریسکیورز کو احتیاطی تدابیر و ضروری اقدامات بارے آگاہ کیا۔

ریسکیو ٹیم نے ٹینکر کو سیدھا کرنے کے لیے مالکان کی مدد سے دو کرینوں کا انتظام کیا اور تقریباً 6 گھنٹے کے کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد تیزاب سے بھرے ٹینکر کو روڈ سے سائیڈ پر کچے میں سیدھا کھڑا کر دیا، مالکان کے مطابق تیزاب کو متبادل ٹینکر کی بجائے 20، 20 لیٹر کی کینوں (Canes) کے ذریعے ملتان منتقل کیا جائے گا،

سلفیورک ایسڈ سے بھرا ٹینکر سرگودھا سے ملتان جا رہا تھا۔