ملتان 17 جنوری(اےپی پی): پاکستان میں تعینات آسٹریا کی سفیر اینڈریا وک گزشتہ روزاپنے شوہر کے ہمراہ باب القریش ملتان آئیں۔ باب القریش آمد پر سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ و سجادہ نشین مخدوم شا ہ محمود قریشی کے صاحبزادے مخدومزادہ زین حسین قریشی نے معزز مہمانوں کا خیر مقدم کیا۔ وہ کچھ دیر باب القریش موجود رہے۔ جہاں انہوں نے مخدومزادہ زین حسین قریشی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے آسٹریا کی سفیر اینڈریانے کہا ملتان آکر بہت خوشی ہوئی۔ ملتان آنے بہت شوق تھا۔ ملتان کا بہت نام سنا تھا۔ ملتان،ملتان کے مزارات اور صوفی ازم سے بہت متاثر ہوں۔ سفارت کاری سے قبل انٹرٹینمنٹ اور میوزک کے شعبہ سے وابستہ تھی۔ صوفی ازم سے بہت رغبت تھی۔ ملتان کو اور ملتان کے باسیوں کو اچھا پایا۔ یہاں کے لوگ نہایت میٹھے‘ مہمان نواز اور سادہ ہیں۔ ملتان کی ثقافت دیکھ کر اچھا لگا۔ یہاں کی ثقافت قدیم اور جدید کا بہترین امتزاج ہے۔ یہاں کے مزارات تاریخی اور سیاحوں کیلئے قابل دید ہیں۔ ملتان اپنے مزارات کی وجہ سے پوری دنیا میں پہچانا جاتا ہے۔ اور جو یہاں کے مزارات دیکھ کر جاتا ہے ان مزارات بارے ایک اچھا تاثر لیکر جاتا ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بعد ازاں آسٹریا کی سفیر نے اپنے شوہر اور وفد کے ہمراہ دربار حضرت حضرت غوث بہاؤالدین زکریا اور حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒکے مزار اور قلعہ کہنہ قاسم باغ اور دمدمہ کا دورہ کیا۔ مخدومزادہ زین حسین قریشی نے انہیں درباروں کا دورہ کروایا۔ انہیں حضرت بہاء الدین زکریا ؒ اور حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ کی تعلیمات اور درباروں کی فن تعمیر بارے آگاہ کیا۔ معزز مہمانوں نے درباوں کی تعمیر میں ملتانی نقاشی کے کام کو سراہا۔ بعد ازاں مخدومزادہ زین حسین قریشی نے انہیں تاریخی قلعہ قاسم باغ اور دمدمہ کا دورہ کروایا۔معزز مہمانوں نے درباروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔مخدومزادہ زین حسین قریشی نے معزز مہمانوں کو سرائیکی اور سندھی اجرکیں اور ٹوپیاں پیش کیں۔