ملتان؛موٹروے پولیس کیجانب سے جدید ٹیکنالوجی کی مدد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی جاری

20

ملتان،17 جنوری(اے پی پی): موٹروے سیکٹر1 ایم 5 پر دوران ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے والے ڈرائیورز ،سیٹ بیلٹ کا استعمال نہ کرنے والے ڈرائیورز ،کالے شیشوں والی گاڑیوں اور رانگ سائیڈ اوور ٹیکنگ والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

اس حوالے سے سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لاتے ہوۓ آئی ٹی ایس سسٹم اور ڈرونز کی مدد سے ڈرائیورز کو روک کر بھاری جرمانے عائد کئے جار ہے ہیں،قومی شاہراؤں پر شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنانے کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہیں کی جاۓ گی ۔انہوں نے کہا کہ ڈرون ٹیکنالوجی اور باڈی وارن کیمروں ،جدید آلات سے لیس افسر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کو چیک کرنے کے ساتھ ساتھ پٹرولنگ کو بھی مزید مؤثر بنا رہے ہیں۔ تمام فیلڈ سٹاف قانون کے یکساں نفاذ کو بلا تفریق یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،جدید ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کا مقصد ٹریفک حادثات کو کنٹرول کرکے قیمتی انسانی جانوں کو بچانا ہے۔

 سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے مزید کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس شہریوں کو موٹرویز پر بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور اس تسلسل کو ہمیشہ جاری رکھا جائیگا ،موٹروے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 130 یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ہمسفر ایپ استعمال کر کے مدد لی جا سکتی ہے۔