ملتان؛ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 23واں اجلاس

11

ملتان،07 جنوری(اے پی پی): چئیرمین پی ایچ اے ملتان اعجاز حسین جنجوعہ  کی زیر صدارت  پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی ملتان کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 23واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں  اسپیشل الاؤنس، گھر کی تعمیر کے لئے قرضوں کی منظوری، معذور ملازمین کا الاؤنس، پارکوں میں واش رومز اور مارکیٹنگ برانچ پی ایچ اے میں سروئیر کی بھرتی بارے ایجنڈے کثرت رائے سے منظور کر لئے گئے۔

اس موقع پر چئیرمین پی ایچ اے اعجاز حسین جنجوعہ نے کہا کہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لئے کوشاں ہیں،ادارے کی تعمیر و ترقی کے لئے بھرپور اقدامات کریں گے،ملازمین کے الاؤنس کی منظوری سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ الاؤنس کے لئے کبھی بھی رکاوٹ نہیں بنا،جائز حقوق کی فراہمی اور ادارہ کی ترقی کے لئے ملازمین کے ساتھ شانہ بشا نہ کھڑا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ اسپیشل الاؤنس کی منظوری کے لئے ملازمین کو بڑا ریلیف حاصل ہوگا،درجہ چہارم کے ملازمین کے لئے گھر کی تعمیر کے لئے 50ہزار کے آسان قرضے فراہم کئے جائیں گے،پارکوں میں شادی منعقد کروانے پر جرمانہ اور ایف آئی آر درج کرائی جائیں گی۔ادارہ کے استحکام کے لئے بہترین پالیسیاں اپنائی جائیں گی۔

اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے ملتان آصف رؤف خان نے کہا کہ پارکوں میں واش رومز کی تعمیر کے لئے ٹینڈر جاری کریں گے،عوام کو پارکوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے بھرپور اقدامات کرینگے،تمام پارکوں میں واش رومز کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ معذور ملازمین کے لئے الاؤنس کی منظوری خوش آئند ہے،پارکوں میں شادی بیاہ کی تقریبات کی اجازت نہیں دیں گے،ایسی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے بھر پور اقدامات کئے جائیں گے،ملازمین کو جائز حقوق کی فراہمی کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا۔

ڈی جی پی ایچ اے نے مزید کہا کہ ملازمین کی درینہ خواہش 50فیصد اسپیشل الاؤنس کی صورت میں پوری ہو گئی ہے۔ 50فیصد بل متوازی ایم ڈی اے اور دیگر پی ایچ ایز کی طرح 25سے 50فیصد کر دیا گیا ہے۔درجہ چہار م کے ملازمین کیلئے 50ہزا رآسان اقساط پر قرض دیا جائے گا۔باہم سختی حالات کی بنیاد پر اگر کوئی ملازم دوسرے ملازم بھائی کو رقم سرنڈر کرنا چاہے تو وہ کرنے کا اہل بھی ہوگا۔ادارہ اس کی اجازت دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ درجہ چہارم کے ملازمین سے امید کرتا ہوں کہ ادارہ کی تعمیر و ترقی کے لئے دن رات کام کریں گے۔اس میں ادارہ کی ترقی، معاشی خوشحالی اور ملازمین کے بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے مربوط حکمتِ عملی  کے تحت آگے بڑھیں گے۔

اجلاس  میں  وائس چئیرمین ملک امجد عباس، ایم پی اے واصف مظہر راں، ایم پی اے سبین گل، ایڈیشنل کمشنر سرفراز ملک، ڈاکٹر مقرب محسن شاہین اور دیگر ممبران موجود تھے۔