ملتان، 11جنوری (اے پی پی ):جنوبی پنجاب میں ساتویں خانہ و مردم شماری کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔15جنوری سے ڈیجیٹل مردم شماری کا آغاز ہوگا اور شہری 30 جنوری تک پورٹل ڈاون لوڈ کرکے ڈیجیٹل طریقے سے اپنا ڈیٹا اپ لوڈ کرسکیں گے۔ یکم فروری سے حکومت کی ٹیمیں گھر گھر خانہ و مردم شماری مہم کا آغاز کریں گی۔اور 15 مارچ سے15 اپریل 2023 نتائج پر مبنی سروے مکمل کیا جائے گا جبکہ 30 اپریل تک مردم شماری کے نتائج الیکشن کمیشن کو جمع کرا دئے جائیں گے۔پنجاب میں خانہ و مردم شماری مہم میں 60000 سرکاری اہلکار خدمات سرانجام دیں گے جن میں 46000شمارکنندگان شامل ہیں۔مہم کو کامیاب بنانے کے لئےصوبہ پنجاب کو 11700 سرکل اور 93746 بلاکس میں تقسیم کیا گیا۔اس سلسلے میں سپروائزرز اور شمار کنندگان کی ٹریننگ جاری ہے۔مہم کو کامیاب بنانے کے سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر ڈی خان خالدمنظور اور سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب تنویر اقبال تبسم نے شرکت کی۔ملتان اور بہاولپور کے کمشنرز اور آر پی اووز اور آر پی او ڈی جی خان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفر نے کہا کہ خانہ و مردم شماری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ مردم شماری کے نتیجے میں حاصل ہونیوالے ڈیٹاکی بنیاد پر مستقبل کی منصوبہ بندی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کے دفاتر میں کنٹرول روم کئے جائیں اور سروے ٹیمیوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے انتظامات کئے جائیں۔