نئی نسل کی تربیت، والدین اور اساتذہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے؛پارلیمانی سیکرٹری تعلیم زیب جعفر

11

اسلام آباد،13جنوری(اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری تعلیم زیب جعفر نے کہا ہے کہ نئی نسل کی تربیت ،والدین اور اساتذہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال   کے موضوع پر بھی شارٹ فلم بننی چاہئے۔

  وہ جمعہ کو  یہاں  مختصر دورانیہ کی فلم نور کے پریمیئر کے موقع پر اظہار خیال کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں سب سےبڑا مسئلہ ٹیکنالوجی کا درست استعمال نہ ہونا ہے جس کی وجہ سے معاشرے میں بہت سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ صورتحال ہو چکی ہے کہ والدین بچوں کی تربیت کیلئے وہ کچھ نہیں کر رہے جو انہیں کرنا چاہئے، معاشرے میں دیکھا گیا ہے کہ والدین کی اکثریت بچوں کو ٹیبلٹ یا موبائل دے دیتی ہے لیکن کیا یہ طرز عمل ہماری زندگیوں کو آسان بنا رہا ہے یا مسائل کا باعث ہوگا ؟، ہمیں یہ چیز سوچنے کی ضرورت ہے ۔

پارلیمانی سیکرٹری تعلیم زیب جعفر نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے مثبت استعمال کے موضوع  پر بھی ایک شارٹ فلم بننی چاہئے تاکہ معاشرے میں ایک اچھا پیغام جائے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہماری حکومت ہے، کل کسی اور کی ہو گی، حکومت تو آتی جاتی ہے،ہمیں یہ سوچنا ہو گا کہ ہم خود بچوں کی تربیت کیلئے کیا کر رہے ہیں، بچوں کی تعلیم کیلئے ہمیں ان والدین کی حوصلہ افزائی کرنا ہو گی جنہیں معاشی مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں سکول جانے کی عمر کے بچوں ایک بڑی تعداد سکولوں سے باہر ہے، یہ ہمارے لئے ایک لمحہ فکر ہے، ہمیں ان بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔

 اس موقع پر انہوں نے فلم نور کی تعریف کی اور اس کے موضوع کو سراہا۔