نوشہرہ ورکاں،14جنوری( اے پی پی):جنرل مینجر سوئی ناردرن گیس پنجاب کے حکم پر نوشہرہ ورکاں سٹی کی 60 ہزار آبادی کے سوئی گیس صارفین کو کم گیس پریشر کی شکائت میں بہتری لانے کے لیے عملی طور پر کام کا آغاز ہو گیا ہے اور نوشہرہ ورکاں سٹی کے لیے برسوں پرانی مختص لائن سے بدورتہ،کڑیال کلاں،اور بڈھا گورائیہ ،لائنز کو علیحدہ کر کے ببر برانچ کی مین لائن سے منسلک کیا جا رہا ہےاور تھانہ چوک سے بڈھا گورائیہ لائن کو سٹی گیس پائپ لائن سے علیحدہ کیے جانے کے فیصلے پر عمل کا آغاز ہو گیا ہے۔
دونی چند،ڈیرہ جموں والا،ببر،اور دیگر دیہات اور نوشہرہ ورکاں سٹی میں گیس سپلائی بہتر بنانے کے لیے ببر برانچ پر سوئی گیس حکام اور عوامی نمائندگان کی کاوشوں سے میگا سائز لائن ڈالنے کے لیے کروڑوں روپیے صرف ہوئے،اور علاقہ بھر میں سوئی گیس سپلائی اور گنجان آباد محلوں میں کم پریشر کی شکایات کا خاتمہ یقینی ہو گا اور مجوزہ پوائنٹس پر کام کا آغاز ہو گیا ہے اور اس کام کے لیے سوئی گیس کی بندش کا شیڈول بھی جاری کیا گیا ہے۔