وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے چیئرمین این ایچ اے محمد خرم آغا کی ملاقات

32

کوئٹہ۔22جنوری  (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے چیئرمین این ایچ اے محمد خرم آغا نے اہم ملاقات کی ۔صوبائی وزراءزمرک خان اچکزئی ،محمد خان لہڑی ،پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج، چیف سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی اے سی ایس داخلہ زاہد سلیم اراکین این ایچ اے صوبائی سیکرٹری مواصلات علی اکبر بلوچ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ ملاقات کا مقصد بلوچستان کی قومی شاہراہوں کی تعمیر کے جاری منصوبوں کا جائزہ لینا تھا۔ چیئرمین این ایچ اے کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بلوچستان میں این ایچ اے کے منصوبوں کی پیش رفت پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان کے منصوبوں کے لیے مطلوبہ فنڈز کے اجراءمیں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور امید ہے کہ وہ بلوچستان کے شاہراہوں کے منصوبوں کے لیے مطلوبہ فنڈز کے اجراءمیں کردار ادا کریں گے ۔ بلوچستان ایک وسیع رقبہ رکھنے والا صوبہ ہے جہاں آبادی کم اور مواصلاتی رابطے طویل ہیں ۔بہتر رابطوں کے لئے ضروری ہے کہ صوبے میں سڑکوں کا جال بچھایا جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت چاہتی ہے کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے تمام منصوبے جلد مکمل ہوں۔ وفاقی تعاون سے چلنے والے منصوبوں کی جلد تکمیل سے صوبے میں مواصلاتی رابطے بہتر ہوں گے اور مجموعی طور پر صوبے کی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔خضدار کچلاک ژوب،ہوشاب، آواران، نال آواران،جھل جھاو، بیلا،خضدار بسیمہ روڈ کی مارچ 2023 تک تکمیل اہم ہے ہم وزیراعظم سے درخواست کریں گے  کہ وہ ان منصوبوں کا افتتاح کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چاغی کو گوادر پورٹ سے منسلک کرنے کے لئے نوکنڈی ماشکیل روڈ کے ماشکیل پنجگور سیکشن پر جلد کام کا آغاز کی ضرورت ہے جبکہ ایکنک سے منظور شدہ کراچی خضدار N -25 دو رویہ شیکشن پر کام کافوری آغاز کیا جائے ۔ملاقات میں کوئٹہ بائی پاس ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس ژوب بائی پاس اور لورالائی بائی پاس کے منصوبوں کے اضافی فنڈز کے لیے وفاقی سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور خاران بسیمہ روڈ اور لک پاس۔ نوشکی روڈ کے ترقیاتی منصوبوں کو پلاننگ کمیشن تک پہنچا کر آئندہ سال کی وفاقی پی ایس ڈی پی کا حصہ بنانے سے بھی اتفاق کیا گیا ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے عوام خوشحال ہوں گے  اور صوبے کے دور دراز علاقوں کے عوام کے آپسں میں رابطے استوار ہوں  گے  وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مواصلاتی رابطوں کی مضبوطی سے مجموعی طور پر صوبے کے عوام کے احساس محرومی کا خاتمہ ہوگا وزیراعلیٰ نے سیلاب کے دوران روڈ ورک کی بحالی میں این ایچ اے کے کردار کو سراہا او ہدایت کی کہ محکمہ مواصلات اور این ایچ اے کے مابین بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم کی جائے ملاقات میں شاہراہوں کی تعمیر کے منصوبوں کی سکیورٹی کا بھی جائزہ لیاگیا اور اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ صوبائی حکومت منصوبوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔