لاہور،10جنوری(اے پی پی):وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے منگل کو یہان گلشن راوی ٹی جنکشن انڈر پاس،سمن آباد موڑ انڈر پاس پراجیکٹ اور سمن آباد سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ گلشن راوی ٹی جنکشن انڈرپاس اور بند روڈ کی بحالی کے پراجیکٹ پر 4ارب84کروڑ روپے لاگت آئے گی اور منصوبوں کو8 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔400میٹر طویل سمن آباد انڈر پاس 2ارب3کروڑروپے کی لاگت سے 6 ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ سمن آباد کرکٹ سٹیڈیم کی تعمیر پر 66 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلی چودھری پرویزالہی کو سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال اور ڈی جی ایل ڈی اے نے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں وزیراعلی نے کہا کہ لاہور میں 20 ارب روپے کے پراجیکٹس شروع کر رہے ہیں جو ایک سال میں مکمل ہو جائیں گے،سمن آباد میں سپورٹس کمپلیکس اور کمیونٹی سنٹر بھی بنایا جائے گا،لاہور کے ماسٹر پلان میں تمام پہلوئوں کو مد نظر رکھ کر منصوبہ بندی کی گئی،ماسٹر پلان کے تحت زرعی اور رہائشی اراضی کی حد بندی کی گئی ہے جس سے لاہور کی بے ہنگم گروتھ پر قابوپانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ سمن آباد موڑ انڈر پاس، کرکٹ سٹیڈیم اور گلشن راوی ٹی جنکشن پر 7 ارب 53 کروڑ لاگت آئے گی،سمن آباد موڑ اور گلشن راوی ٹی جنکشن انڈر پاس بننے سے ٹریفک کی روانی میں آسانی پیدا ہوگی اور شہریو ں کو سہولت ملے گی۔سمن آباد،گلشن راوی،توحید پارک،ملتان روڈ، چوبرجی،چوک یتیم خانہ اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کو آمد و رفت میں آسانی ہوگی۔
پرویز الہی نے کہا کہ لاہور کو تعمیر و ترقی کا محور اور عالمی معیار کا ترقی یافتہ شہر بنانے کے لئے پیش رفت جاری ہے، لاہور کے ماسٹر پلان کے تحت مستقبل میں تعمیراتی سرگرمیوں کا تعین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان خاص طور پر کرکٹرز کے لئے سمن آباد کرکٹ سٹیڈیم 66 کروڑ روپے سے تعمیر کیا جا رہا ہے،سٹیڈیم بننے سے نوجوان کھلاڑیوں کو اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا بھرپور موقع ملے گا۔ٹریفک کے مسائل کے حل کے لیے گلشن راوی ٹی جنکشن اور بند روڈ کی بحالی پر کام شروع کیا ہے۔ 4 ارب84 کروڑ سے گلشن راوی ٹی جنکشن اور بند روڈ کی بحالی کا کام آٹھ ماہ کی مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔ چوبرجی سے سکیم موڑتک،ایل او ایس سے ملتان روڈ،پونچھ روڈ،غزالی روڈ،قرطبہ چوک،بابو صابوچوک،بندروڈ اور دیگر سڑکوں اور سیوریج کی توسیع اور مرمت کا کام بھی تیزی سے جاری ہے۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ لاہو رکی ترقی کے حوالے سے فرخدالی کا مظاہرہ کرنے پرپرویز الہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،سیکرٹری اطلاعات، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔