وزیر اعلیٰ اجلاس، صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ

10

لاہور۔12جنوری  (اے پی پی):وزیر اعلی ٰپنجاب چودھری پرویز الہی کی زیر صدارت وزیراعلی آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں صوبے میں امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن(ر) اسداللہ خان،انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار اورپرنسپل سیکرٹری وزیراعلی محمد خان بھٹی نے اجلاس میں شرکت کی۔ وزیراعلی چودھری پرویز الہی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی عمومی صورتحال میں بہتری خوش آئند ہے۔عوام کے جان ومال کی حفاظت کے لیے تمام تر وسائل مہیا کر رہے ہیں۔ عوام کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے اور اسلحہ کی نمائش کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کریک ڈائون کیا جائے۔وزیر اعلی نے مزید ہدایت کی کہ اسلحہ کی نمائش کرنے پر بلاتفریق کارروائی کی جائے اوراسلحہ کی نمائش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ایسے عناصر کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔