وفاقی محتسب آفس کا 40 واں یوم تاسیس،محتسب آفس کے ادارے کا مقصد لوگوں کو بنیادی حقوق فراہم کرکے انسانی حقوق کا تحفظ کرنا ہے،ڈاکٹر رضوان

12

حیدرآباد، 24 جنوری (اے پی پی): ریجنل ایڈوائزر ڈاکٹر رضوان احمد نے کہا کہ محتسب آفس کے ادارے کا مقصد لوگوں کو بنیادی حقوق فراہم کرکے انسانی حقوق کا تحفظ کرنا ہے، یہ ادارہ حکومت کی جانب سے عوام کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بدانتظامی اور بے ضابطگیوں کی شکایات کے ازالے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔

 ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے  وفاقی محتسب آفس کے 40 ویں یوم تاسیس کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد  منگل کو ریجنل آفس حیدرآباد میں کیا گیا۔ تقریب میں محتسب کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔

ڈاکٹر رضوان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی محتسب کا دفتر عام لوگوں اور سرکاری ملازمین کو ان کے مسائل کے حوالے سے ان کی شکایات کا فوری ازالہ کر کے ریلیف فراہم کر رہا ہے اور کہا  کہ وفاقی محتسب ادارہ 1983 میں قائم کیا گیا تھا اور اس کے ملک بھر میں 17 علاقائی دفاتر ہیں جن کے ذریعے تقریباً 19 لاکھ افراد کو ریلیف فراہم کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کا حیدرآباد ریجنل آفس گزشتہ 8 سال سے کام کر رہا ہے اور اس دفتر نے اب تک 26 ہزار کیسز کو حل کرکے عام آدمی کو ریلیف دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کی اکثریت ادارے کے کام کاج کے بارے میں نہیں جانتی اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ محتسب ادارے کی رسائی کو بڑھایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس ادارے سے مستفید ہو سکیں، حکومت کا کام عوام کی فلاح و بہبود کرنا ہے جبکہ یہ ادارہ ان کی شکایات کے ازالے کی پوری کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب کے علاقائی دفتر حیدرآباد میں جامشورو، مٹیاری، سانگھڑ، نواب شاہ، ٹنڈو اللہ یار، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، دادو اور دیگر اضلاع شامل ہیں اور ہم دور دراز علاقوں کے لوگوں کے مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر  زور دیا کہ میڈیا عوام میں آگاہی پیدا کرنے میں کردار ادا کر سکتا ہے تاکہ لوگ محتسب آفس سے ریلیف حاصل کرنے کے لیے پہنچ سکیں۔

تقریب میں حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، نیشنل بینک آف پاکستان، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، ایف آئی اے اور وفاقی حکومت کے اداروں کے افسران اور نمائندے بھی موجود تھے جنہوں نے  عوام کے مسائل کے فوری حل کے لیے اپنی رائے سے آگاہ کیا۔

ریجنل ایڈوائزر ڈاکٹر رضوان احمد اور ادارے کے دیگر افسران نے وفاقی محتسب آفس کے 40ویں یوم تاسیس کے موقع پر کیک  کاٹا۔