ملتان،23 جنوری(اے پی پی ): وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی کی ہدایات پر وفاقی محتسب کے چالیسویں یوم تاسیس کے موقع پر ریجنل آفس ملتان میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس دوران چالیسویں یوم تاسیس کے حوالے سے کیک کاٹا گیا۔
تقریب سے خطاب میں وفاقی محتسب ملتان کے ریجنل ہیڈ محمود جاوید بھٹی نے کہا کہ 24 جنوری1983ء کو صدارتی فرمان کے تحت معرض وجود میں آنے والے اس ادارے نے 08اگست1983ء کو باقاعدہ کام شر وع کیا تھا، اس ادارے کے قیام کابنیادی مقصد وفاقی حکومت کے تحت چلنے والے سرکاری اداروں یا اس کے ملا زمین کے ہاتھوں انتظامی زیادتیوں، امتیازی سلوک، استحصال، غفلت اور نا اہلی کے خلاف عوام الناس کی شکایات کا ازالہ کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاص طور پر معاشرے کے پسے ہوئے وہ لوگ جن کی کہیں شنوائی نہیں ہوتی اور نہ ہی وہ عدالتوں اور وکلاء کے بھاری اخراجات برداشت کرسکتے ہیں، سادہ کاغذ پر ایک درخواست لکھ کر وفاقی محتسب کو بھجوادیں تو اس پر بلا تاخیر کارروائی شروع ہوجاتی ہے، وفاقی محتسب کو عوامی خدمت کرتے ہوئے چالیس سال مکمل ہو گئے ہیں اور ان چالیس سالوں میں وفاقی محتسب سے مستفید ہونے والے افراد میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے۔
محمود جاوید بھٹی نے کہا کہ وفاقی محتسب عوامی خدمت میں قانون کے مطابق اداروں کی بدانتظامی کے معاملات نمٹاتے ہوئے ایک منفرد مقام حاصل کر چکا ہے اور عوام الناس کی بڑھتی ہوئی درخواستیں اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی محتسب پر عوام کا بھرپور اعتماد ہے اور عوام کو اس ادارہ سے مذید استفادہ حاصل کرنا چاہٸیے ۔
تقریب میں وفاقی انشورنس محتسب کے ریجنل ہیڈ سلیم رضا آصف، وفاقی بینکنگ محتسب کے ریجنل ہیڈ محمد شفاقت علی، وفاقی ٹیکس محتسب کے ریجنل ہیڈ ڈاکٹر خلیل احمد اور صوبائی محتسب کے ریجنل ہیڈ قاضی محمد اشفاق نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ریجنل ہیڈ محمود جاوید بھٹی، ایڈوائزر چوہدری عبد الحمید، سینئر انوسٹی گیشن آفیسر ڈاکٹر زاہد ملک ، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمود خان نے مکمل سٹاف کے ہمراہ معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔