اسلام آباد،25جنوری (اے پی پی):نجکاری کمیشن نے روزویلٹ ہوٹل کے لئے مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے کے لئے ٹرمز آف ریفرنس کی منظوری دیدی ہے ۔ نجکاری کمیشن بورڈ کا بدھ کو 207 واں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر و چیئرمین نجکاری عابد حسین بھیو نے کی۔ وفاقی سیکرٹری نجکاری ڈاکٹر ارم اے خان اور وزارت کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔بورڈ کو اپنے مختلف اجلاسوں میں بورڈ کی طرف سے جاری کردہ مختلف ہدایات پر عمل درآمد کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ بورڈ نے اسٹیٹس اپ ڈیٹ کے لئے اپنی تعریف کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نجکاری سے متعلق زیر التواء مسائل کو حل کریں۔ اس موقع پر یہ بھی مشورہ دیا کہ نجکاری کمیشن کے کام میں مدد کرنے کے لئے دیگر سرکاری ڈویژنوں سے رابطہ کیا جائے۔ بورڈ نے مختلف عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی سے متعلق زیر التوا مسائل سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نجکاری کمیشن بورڈ نے روزویلٹ ہوٹل کے لیے مالیاتی مشیر کی خدمات حاصل کرنے کے لئے ٹرمز آف ریفرنس کی بھی منظوری دی۔ بورڈ کو بتایا گیا کہ ہوٹل فروخت نہیں کیا جا رہا ہے بلکہ اسے پرائیویٹائزیشن کمیشن آرڈیننس، 2000 میں بیان کردہ پرائیویٹائزیشن کے بہترین موڈ کے ذریعے ایک مشترکہ منصوبے کے طور پر مخلوط استعمال کے ہائی رائز ٹاور کے طور پر تیار کیا جائے گا۔بورڈ کو پاکستان اسٹیل ملز،ہاؤس بلڈنگ فنانس کارپوریشن لمیٹڈ، فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ سمیت دیگر جاری لین دین میں پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔











