ٹنڈومحمدخان،15 جنوری (اے پی پی):سندھ میں دوسرے مرحلے میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں ٹنڈومحمدخان میں بھی انتخابی عمل صبح 8 بجے شروع ہوگیا ہے جو کہ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا، 196 نشستوں میں سے 71 نشستوں پر بلا مقابلہ امیدوار منتخب ہوگئے ہیں جبکہ 125 نشستوں کے لئے انتخابی عمل جاری ہے، بلدیاتی انتخابات میں 125 نشستوں کے لئے 433 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہورہا ہے، میمبر ڈسٹرکٹ کونسل کے لئے 76 امیدوار، میونسپل کمیٹی کے لئے 81 ،ٹائون کمیٹیز کے لئے 41, چیئرمین اور وائس چیئرمین کے لیے 53 اور جنرل کونسلر کے لئے 182 امیدوار انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
اس موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں، پولیس و رینجرز کی بھاری تعداد پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود ہے،ضلع بھر کی تمام پولنگ اسٹیشنز میں پر امن ماحول میں پولنگ کا عمل جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان یاسر بھٹی نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کے دورے کئے اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹنڈومحمدخان میں بلدیاتی الیکشن کا عمل پر امن ماحول میں جاری ہے۔











