ریاض، 24جنوری (اے پی پی ): پاکستان کے مثبت چہرے کو اجاگر کرنے سمیت پاکستانی سیاحت کو فروغ دینے کے لئے پاکستانی بائیکرز کا قافلہ ہزاروں میل سفر کرتے ہوئے سعودی عرب پہنچ گیا۔ دارالحکومت ریاض پہنچنے پر سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور سمیت سفارتی افسران اور کمیونٹی ارکان نے سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے ان کا پرجوش استقبال کیا جبکہ بائیکرز نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کیے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے بائیکرز کے جذبہ حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی بائیکرز کی اس کاوش سے جہاں خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط ہونگے وہیں اس سے پاکستانی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
اس موقع پر پاکستانی بائیکرز کے کیپٹن مکرم ترین کا کہنا تھا کہ پاکستان سے سعودی عرب تک پاکستانیوں سمیت خلیجی ممالک کے لوگوں نے محبت اور پیار دیا اور پاکستان سے باہر ہر پاکستانی سفیر کی حیثیت رکھتا ہےجبکہ اسے چاہیے کہ وہ پاکستان کے مثبت چہرے سمیت اسکی سیاحت کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کرے۔