پشین ,27 جنوری ( اے پی پی ) : سنی علماء کونسل ضلع پشین کے زیر اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی علماء کونسل کے ضلعی صدر محمد رمضان فاروقی، ترجمان عبدالوارث فاروقی، جے یو آئی (س) کے مولانا عبدالحلیم، شعبان ختم نبوت کے مولانا عبدالباری، جے یو آئی (ف) کے دوست محمد، پاکستان رائے حق کے مفتی سمیع اللہ حیدری، جماعت اسلامی کے حسن درانی اور بلوچستان عوامی پارٹی کے محمد حنیف نے کہا کہ قومی اسمبلی سے ناموس صحابہ و اہلبیت بل منظور ہونے پر تمام ممبران قومی اسمبلی اور مولانا اکبر چترالی کو خراج تحسین اور انہیں سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے مذکورہ بل پر دستخط کئے۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس صحابہ و اہلبیت کے بل کی منظوری سے ملک سے فرقہ واریت کا خاتمہ ہوگا، استحکام آئے گااور امن وامان برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے فیصلوں پر عملدرآمد کروانا ہی آئین پاکستان کی اصل روح ہے۔ پارلیمنٹ کے اس تاریخی اور متفقہ فیصلے کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے تحفظ ناموس صحابہؓ و اہل بیتؓ بل کی کھل کر حمایت کرتے ہیں۔ ناموس صحابہؓ و اہل بیتؓ بل کے خلاف واویلا شرمناک ہے،مذکورہ بل کسی بھی مذہب یا فرقے کے خلاف نہیں، بل میں موجود سزائیں پاکستان کے قانون میں پہلے سے موجود تھیں، اب ان میں جماعت اسلامی کے ایم این اے مولانا عبد الاکبر چترالی نے اضافہ منظور کروایا ہے، انہوں نے کہا کہ اس بل میں اصحابؓ و اہل بیتؓ رسول میں سے کسی ایک کی بھی توہین کرنے والے کیلئے زیادہ سزا منظور کروائی گئی ہے تاکہ آئے روز مقدس شخصیات کی توہین کا سلسلہ قانون کے ذریعے روکا جاسکے۔ یہ اقدام ملک و ملت کے مفاد میں ہے اور جسے پاکستان کی تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ ناموس صحابہؓ و اہل بیتؓ بل کے حوالے سے کسی بھی قسم کا دباو? مسترد کر کے اس بل کو سینیٹ سے فوری منظور کروا کے نافذ العمل کریں۔