سیالکوٹ،11جنوری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کہا ہے کہ شہر سیالکوٹ میں انسداد گداگری مہم زور و شور سے جاری ہےجس میں پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جا رہا ہے۔
اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انسداد گداگری مہم کے دوران اب تک 56 گداگروں کے خلاف ایف آئی آرز کا اندراج بھی کرایا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ میں پیشہ ور بھکاریوں کی کثیر تعداد دوسرے شہروں سے یہاں آئی ہوئی ہے جو ٹریفک کی روانی میں بھی مشکلات کا باعث بن رہے ہیں ، ہم نے ان پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کیا۔
ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی نے کہا کہ میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سفیان دلاور کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو خود اس مہم کی نگرانی بھی کر رہے ہیں اور سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے ملکر گداگروں کو مختلف ہنر سکھانے کے لیے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ انہیں گداگری کی لعنت سے چھٹکارا دلا کر باعزت اور حلال روزگار کے مواقع مہیا کیے جا سکیں۔