لاہور، 07 جنوری (اے پی پی): سعودی جی 20 ینگ انٹرپرینیورز الائنس کے صدر شہزادہ فہد بن منصور السعود نے سعودی – پاکستان ٹیک ہاؤس کے قیام کا اعلان کیا ہے تاکہ دونوں ممالک کے مابین کاروبار میں آسانی کو فروغ دیا جا سکے ۔
شہزادہ فہد نے یہ اعلان پاکستان کی سب سے بڑی ٹیک کانفرنس اور ایکسپو، فیوچر فیسٹ 2023 سے اپنے ورچوئل خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی – پاکستان ٹیک ہاؤس کا صدر دفتر ریاض میں ہوگا جبکہ اس کی پہلی شاخ لاہور میں ہوگی۔
شہزادہ فہد بن منصور السعود نے اس موقع پر 100 ملین پروجیکٹ کی مالیت کے مزید 300منصوبوں کا بھی اعلان کیا، جس سے پاکستان، سعودی عرب اور عالمی سطح پر ایک ہزار سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہوں گی ۔انہوں نے کہا کہ مجھے آئی ٹی انڈسٹری کے اتنے باوقار اجتماع کا حصہ بننے پر بہت فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تمام شعبوں میں بہت باصلاحیت وسائل موجود ہیں۔