ملتان؛مضر صحت 355 ساشے ممنوعہ گٹکا، 30 لٹر ایکسپائرڈ مشروبات، 8 کلو ممنوعہ چائنہ نمک تلف 

31

ملتان، 17 جنوری (اے پی پی ): فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان ڈویژن میں پان شاپس، بیکریز، میرج ہالز سمیت کئی فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی اور 355 ساشے ممنوعہ گٹکا، 30 لٹر ایکسپائرڈ مشروبات، 8 کلو ممنوعہ چائنہ نمک تلف کر دیا ہے۔

اس حوالے سے ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے کہا کہ نواں شہر میں ہوٹل کو کھانوں میں کھلے مصالحہ جات کی ملاوٹ، واشنگ ایریا میں بدبودار پانی جمع ہونے پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ  خوراک میں کھلے اجزاء کی ملاوٹ، گندے برتنوں میں سٹوریج پر 4 بیکریز کو ہزاروں روپے کے جرمانے کردیئے گئے ہیں۔

 مدثر ریاض ملک نے کہا کہ وہاڑی روڈ، المدینہ کالونی، گلشن اقبال کالونی اور مین روڈ قاسم بیلہ میں بیکریوں کو چیک کیا گیا ہے ، کرم پور میں 2 پان اینڈ ڈرنک کارنرز کو گٹکا بیچنے پر بھاری جرمانے عائد کردیے گئے ہیں ۔ اس کے علاوہ  جہانیاں میں میرج ہال کو کھانوں میں چائنہ نمک کی ملاوٹ کرنے پر 20 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ  گٹکے کا استعمال منہ کے کینسر کا باعث بنتا ہے  جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صحت دشمنوں کی سرکوبی کیلیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔