اوکاڑہ،18فروری(اے پی پی ):کمشنر ساہیوا ل ڈویژن شعیب اقبال سید نے کہا ہے کہ انتظامی افسران لوگوں کی مشکلات کو حل کرنے اور ان کی آسانی کے لئے ذاتی لگن،محنت اور جانفشانی سے کام کریں تاکہ عام لوگوں کو ریلیف مل سکے، آٹے کی فراہمی اور معیار کو تمام سیل پوائنٹس اور ٹرک سیلز پوائنٹس پر یقینی بنایا جائے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کے دورہ کے موقع پر ضیاء شہید لائبریری ٹرک سیل پوائنٹ کا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے آٹا خریدنے کے لئے آنے والے صارفین سے آٹے کے معیار اور قیمت سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے ڈیوٹی افسران کو ہدایت کی کہ وہ آٹا خریدنے کے لئے آنے والے لوگوں کی سہولت کو اولین اہمیت دیں، ان کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں آٹے کے سیل پوائنٹس پر فروخت کئے جانے والے آٹے اور فلور ملز کو فراہم کی جانے والی گندم کا روزانہ کی بنیاد پرآڈٹ کیا جائے۔