احمدپورشرقیہ ، 13 فروری(اےپی پی): رمضان المبارک کے ایام میں ضلع بھر میں 11رمضان بازار قائم کیے جائیں گے۔ اس سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ کی زیر صدارت دفتر کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب میں ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان بازار کے قیام کے لیے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ صارفین کو مقررہ نرخ پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رمضان بازاروں میں ایگری کلچر فیئر پرائس شاپس قائم کی جائیں گی جن میں آلو، پیاز، ٹماٹر، بینگن، کدو،لہسن، سیب، خربوزہ، کھجور، دال چنا اور بیسن فروخت کیا جائے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز نے بتایا کہ بہاول پور سٹی میں تین رمضان بازار،بہاول پور صدر میں ایک، حاصل پور میں ایک، یزمان میں دو، خیرپورٹامیوالی میں ایک اور احمد پور شرقیہ میں تین رمضان بازار قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، دالیں، مٹن اور دیگر اشیائے خوردونوش مقرر کیے گئے نرخ کے مطابق فروخت کے لیے دستیاب ہوں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ صفائی ستھرائی کے بہتر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز علی الصبح فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ میں پھل اور سبزیوں کی نیلامی کا جائزہ لیں۔ نیز مذبح خانہ کا معائنہ کیا جائے۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز محمد زبیر عباسی، چیف آفیسر ضلع کونسل میاں اظہر جاوید، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن میاں محمد آصف، ڈائریکٹر لائیو سٹاک سید سبطین بخاری، ای اے ڈی اے زراعت منزہ جاوید، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی مہر ملازم حسین اور دیگر متعلقہ افسران موجودتھے۔