اسلام آباد؛ترکیہ سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاچی  کا  ترکیہ زلزلہ زدگان امدادی کیمپ کا دورہ ، رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے طلباء  کے جذبے کو سراہا

78

اسلام آباد، 24 فروری(اے پی پی ): ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاچی  نے   نجی مال کے باہر ترکیہ زلزلہ زدگان کے لیے لگائے گئے  امدادی کیمپ کا دورہ کیا اور مختلف سٹالز پر رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے طلباء سے ملاقات کی اور ان کے جذبے کو سراہا۔

اس  موقع پر میڈیا سے  گفتگو میں ترکیہ کے سفیر ڈاکٹرمہمت پاچاچی   نے کہا کہ پاکستان کی مختلف جامعات کے طلبہ نے ترکیہ زلزلہ متاثرین کی امداد کے لیے مہم شروع کی ہے، پاکستانی عوام کے دل ترکیہ کے عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترکیہ میں زلزلے کے بعد بحالی و تعمیر نو کا کام شروع ہے جبکہ  ترکیہ میں سرد موسم کی صورتحال مزید گھمبیر ہو رہی ہے،اس صورتحال کے بعد متاثرین کی مشکلات بڑھ رہی ہیں۔

سفیر ڈاکٹرمہمت پاچاچی نے  کہا کہ ترکیہ متاثرین کو موسم کی شدت سےنمٹنے  کیلئے  ضروری اشیاء پر مبنی امداد کی ضرورت ہے ،ضروری اشیاء میں کمبل، ادویات، خیمے، سینٹری اشیاء شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ موسمی صورتحال میں ترکیہ میں کئی مقامات پر کنٹینر سٹیز قائم کئے گئے  ہیں جبکہ  زلزلے سے تباہ شدہ تمام عمارات کی تعمیر نو کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پی آئی اے، کارگو جہازوں اور مسلح افواج کے جہازوں نے امدادی سامان ترکیہ پہنچایا، پاکستان کی جانب سے ترکیہ میں زلزلے کے فوری بعد یک جہتی کا اظہار کیا گیا۔

اس موقع پر  اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد اویس بھٹی  نے   میڈیا سے  گفتگو میں کہا کہ  جب ترکیہ میں   زلزلے کا علم ہوا اس کے فوری بعد سے امداد  کیلئے  کوششیں شروع کر دیں،جب سے کیمپ لگا ہے تب سے پیسوں کے ساتھ ساتھ اشیائے ضروریہ ترکیہ کے لیے جمع کی جا رہی ہیں،اب تک لوگ بڑھ چڑھ کر امدادی مہم میں حصہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے مختلف حصوں میں امدادی کیمپ قائم کئے گئے  ہیں، جن میں عوام کا ردعمل متاثر کن رہا ہے۔

اس موقع پر نجی مال کے گروپ سی ای او سردار یاسر الیاس نے کہا کہ ترکیہ زلزلہ زدگان کے امدادی  کیمپ میں طلبہ نے بہت اہم اور فعال کردار ادا کیا ہے،آج یہاں موجودگی ترکیہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ ، زکوۃ کا مہینہ ہے لہذا زکوۃ دینے والے اس وقت دیں،اس وقت ترکیہ کے عوام کو امداد کی ضرورت ہے۔

سردار یاسر الیاس نے کہا کہ اسلام آباد کی  ضلعی انتظامیہ کا اس کیمپ کے انتظام میں بہت کردار ہے،ترکی کی تعمیر نو میں پاکستان سے انسانی وسائل اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، پاکستان میں سستی افرادی قوت ترکیہ میں بحالی و تعمیر نو میں مدد کر سکتی ہے۔