الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار قوم کے ہیرو ہیں جو اپنی  پریشانیوں کو بھول کر  دوسروں کی مدد کرتے ہیں ؛ حافظ سلمان خالد

8

میرپورخاص،19فروری( اے پی پی): امیر جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص حافظ سلمان خالد نے کہا ہے کہ  طوفانی بارشوں اور سیلاب کے دوران اللہ تعالیٰ کی رضا کی خاطر مصیبت زدہ انسانیت کی بلا امتیاز رنگ و نسل ومذہب خدمت کا فریضہ انجام دینے والے الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار قوم کے ہیرو ہیں ،اپنی پریشانیوں کو بھول کر کئی کئی فٹ کھڑے بارشی پانی میں ڈوبے متاثرین تک پکا پکایا کھانا ،راشن ،صاف پینے کا پانی ،میڈیکل ادویات ،ترپال و دیگر ضروری اشیاء پہنچانے والے ان گنت  رضاکار الخدمت کا فخر ہیں ،حالیہ بارشوں میں ثابت ہوگیا کہ حکومتی بےحسی کے باعث عام شہریوں نے اپنی بساط سے بڑھ کر متاثرین کی مدد کرکے ایک قوم ہونے کا  قابل فخر کردار ادا کیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص حافظ سلمان خالد نے مقامی ہوٹل میں بارشوں کے دوران رضاکارانہ خدمات انجام دینے والے  جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیش کے ضلع بھر رضاکاروں کے اعزازمیں شیلڈز و سرٹیفکیٹ تقسیم کے سلسلے میں منعقد کی  گئی  اعتراف خدمت کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب سےڈپٹی  ڈائیریکٹر سوشل ویلفیئر جنید مرزا ، الخدمت فاؤنڈیشن ضلع میرپورخاص کے صدر نادر خان ، احسان الہی مغل اور عرفان قریشی نے بھی خطاب کیا ۔

تقریب میں دیگر مقامی این جی اوز کے رضاکاروں کو بھی اعزازی شیلڈز  پیش کی گئیں ۔تقریب میں ضلع بھر سے آئے ہوئے  الخدمت کے رضاکاروں کے علاوہ  محمد رفیق چوھان،  آئی اسپشلسٹ ڈاکٹرفاروق ابراہیم ،سینئر صحافی اشفاق احمد اشفی، محمد یاسین گجر ،اظہر جمیل آرائیں،حاجی نورالہی مغل ، ظفر اقبال مجاہد، زاہد الرحمن خان ،مختار علی شاہ ، بشیر الہی محمدی ،ناصراقبال سمیت دیگر  معززین شہر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر معزز مہمانان کو سندھ کاروایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائیریکٹر سوشل افیئرز جنید مرزا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ الخدمت فاؤنڈیشن نے بارش و سیلاب سے متاثرہ افراد کی بلا امتیاز بے مثال خدمت کی ہے جس کا میں خود گواہ ہوں، الخدمت کے رضاکار دور دراز متاثرہ علاقوں تک سب سے پہلے پہنچے اور طویل عرصے تک ہر طرح کی خدمات انجام دیتے رہے ۔

 تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے صدر نادر خان نے بارشوں اور اس کے بعد تک کی گئی امدادی سرگرمیوں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں ضلع بھر کے متاثرین میں 6200خشک راشن ،پکاپکایا کھانا 726 دیگ، 3200 مچھر دانیاں ،705 ترپالیں،972000 لاکھ لیٹر صاف پانی ، 145 میڈیکل کیمپس کے ذریعے ہزاروں مریضوں کا علاج کیا،سینکڑوں مقامات پر فیومیگیشن اسپرے ، ایک کروڑ کی لاگت سے قائم موبائل میڈیکل یونٹ اب بھی عوام کی خدمت میں مصروف عمل 2 خیمہ بستیاں جھڈو اور ٹنڈوجان محمد میں قائم کی گئیں ۔