گھوٹکی؛ شہیدپولیس اہلکار مشتاق احمد گڈانی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

13

گھوٹکی،19 فروری(اے پی پی ): میرپور ماتھیلو پولیس اسٹیشن کی حدود نزد کھاد فیکٹری کے مقام پر  رات دیر گئے  ڈاکوؤں کی فائرنگ میں شہادت پانے والے پولیس جوان مشتاق احمد گڈانی کی نماز جنازہ گاؤں گل بیگ گڈانی میں ادا کر دی گئی ، جنازہ نماز میں ایس ایس پی گھوٹکی تنویر احمد تنیو سمیت پولیس آفیسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، شہید کو پولیس کی جانب سے سلامی دی گئی۔

اس موقع پر ایس ایس پی گھوٹکی تنویر احمد تنیو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید پولیس اہلکار ایک بڑا دلیر جوان تھا وہ ڈاکوؤں سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے ہیں اور شہادت ہم پولیس والوں کی شان ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید کے قتل میں ملوث ملزمان کو کسی بھی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو راستے ہیں ایک تو جرائم پیشہ افراد سے نرمی برتیں یا مفاہمت کریں دوسری صورت ان کا مقابلہ کریں اور ان کا خاتمہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ  ہم نے جرائم پیشہ افراد سے لڑنا سیکھا ہے ، اس لیئے ہماری قربانیاں رنگ لائینگی اور جرائم پیشہ افراد کا صفایا کر کہ ہی دم لینگے۔