الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں، الیکشن کمیشن جب کہے گا انتخابات کرا دیں گے؛ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی

23

لاہور،13فروری(اے پی پی):نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ صوبے میں صاف اور شفاف الیکشن کی ذمہ داری ملی ہے۔الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائنز کی روشنی میں فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔الیکشن کمیشن جب کہے گا، انتخابات کرا دیں گے۔پوری کوشش ہے کہ عام آدمی کی زندگیوں میں بہتری لا سکیں۔ہر شعبے میں عام آدمی کیلئے کچھ نہ کچھ بہتری لانا ترجیح ہے۔

وہ  پیر کے روز یہاں وزیراعلی آفس میں رپورٹرز سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکررہے تھے۔ نگران وزیراعلی نے کہا کہ صحافی برادری کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے،صحافی برادری کے لئے جو کچھ ہوسکا وہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ  عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے رمضان پیکیج پر کام شروع کر دیا ہے،رمضان پیکیج کے ذریعے صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے۔

محسن نقوی  نے کہا کہ واربرٹن  واقعہ کے ملزمان کے خلاف ٹرائل جلد مکمل کیا جائے گا،پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمرے ٹھیک کرائے جا رہے ہیں،سی ٹی ڈی کی استعدادکار بڑھائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گندم 2300  روپے فی من کے حساب سے فراہم کر رہی ہے،گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کر رہے ہیں اور اچھا ریٹ لائیں گے،پنجاب حکومت نے 575  ارب روپے کی گندم خریدنی ہے،ایماندار افسروں کو گندم خریداری مہم کے دوران تعینات کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سیکرٹری اطلاعات، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔