اوکاڑہ؛آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشراحمد خاں کا  ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ

8

اوکاڑہ،21فروری(اے  پی پی ):آئی جی جیل خانہ جات پنجاب ملک مبشر احمد خاں نے ڈسٹرکٹ جیل اوکاڑہ کا اچانک دورہ کیا،جیل کی سیکورٹی اور ڈسپلن کا جائزہ لیا۔آئی جی جیل خانہ جات نے کچن،ہسپتال،سکول، قیدی بارکس،نو عمر وارڈ، ٹیلیفون بوتھ اور جیل مانیٹرنگ سسٹم کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نےاسیران کو درپیش مسائل دریافت کئے اور انکے فوری حل کے لئے عملی اقدامات جاری کیے۔

آئی جی جیل خانہ جات نےاسیران کی فلاح و بہبود کے لئے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد کو چیک کیا اور کہا کہ اسیران کو قانون کے مطابق تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، عمر رسیدہ اسیران کا خاص خیال رکھا جائے۔

 آئی جی جیل نے کہا کہ ایسے نادار اسیران جن کی ملاقات پر بھی کوئی نہ آتا ہوانھیں ٹیلیفون کی سہولت مفت فراہم کی جائے اوراسیران کے کھانے کے معیار اور مقدار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں  نے کہا جیل سٹاف کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جیل افسران و ملازمین کی جانب سے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ساجد بیگ اور دیگر متعلقہ سٹاف بھی موجود تھے۔