اوکاڑہ،27فروری )اے پی پی) :سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان خان نے پیر کو اوکاڑہ میں قائم ڈسٹرکٹ ہیڈکوآرٹرہسپتال ساؤتھ سٹی اورڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے دونوں ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات دیکھے وارڈز کا وزٹ کیا انہوں نے ہسپتالوں میں قائم فارمیسیز میں ادویات کے سٹورزکابھی معائنہ کیا اورہسپتال کی صفائی ستھرائی کو مزید بہتر کرنے پرزور دیا۔سیکریٹری ہیلتھ نے ہسپتال میں مریضوں کے ساتھ آئے لواحقین کے مسائل بھی سنے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات اور سہولتوں کے بارے دریافت کیا۔انہوں نے ڈاکٹروں کی ڈیوٹی رجسٹر کو بھی چیک کیا۔انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی سے غیرحاضر ڈاکٹروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی دوران ڈیوٹی کسی ڈاکٹر کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔سیکریٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب علی جان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اور منسٹر ہیلتھ کے احکامات پر مختلف اضلاع کے ہسپتالوں میں دورہ شروع کیا جس کا مقصد عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتالوں میں ایس او پیز کے مطابق کئے گئے اقدامات کا جائزہ لینا ہے۔انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال ساؤتھ سٹی میں صفائی ستھرائی اور تمام شعبہ جات میں بہترین اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےایم ایس اور تمام سٹاف کی کارکرگی کو سراہا۔