اوکاڑہ،14فروری(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر محمد ذیشان حنیف نے کہا ہے کہ عام صارفین کو آٹے کی مقررہ نرخوں پر دستیابی کے لئے ضلعی انتظامیہ بھر پور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، ضلع کی تینوں تحصیلوں میں روزانہ کی بنیاد پر 20 ہزار سے زائد آٹے کے تھیلے فراہم کئے جا رہے ہیں، حکومت کی طرف سے آٹے پر دی جانے والی سبسڈی اصل حقدار تک پہنچے کے لئے بھی ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آٹا سیل پوائنٹ کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے آٹے کے تھیلے کا وزن اور آٹے میں نمی کی مقدار بھی چیک کی۔ انہوں نے کہا کہ آٹے لینے کے لئے آنے والے صارفین کی سہولیات کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے انتظامی افسران کو ہدایت کی آٹے کی بلیک مارکیٹنگ، زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، ضلع میں ذخیرہ اندوزوں کے لئے کوئی گنجائش نہیں ہے ۔