کوئٹہ۔7فروری (اے پی پی):ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل نے کہا ہے کہ پاک ایران تعلقات ہمیشہ مثالی رہے ہیں،ایران کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے،ایران پاکستان کے ساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن سیکورٹی تعاون کے لئے تیار ہے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب کےدورےکے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوے کیا،اس موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے صدر عبدالخالق ،بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب صدر عرفان سعید اور دیگر صحافی بھی موجود تھے۔ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل پیر لورین نےبلوچستان یونین آف جرنلسٹس کی نومنتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوے امید ظاہر کی کہ صحافی برادری پاک ایران تعلقات کی مزید بہتری کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریگی، اچھے ہمسایہ کی حیثیت سے ایران کے پاکستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، ایران نے پاکستان کو توانائی بحران کے خاتمے کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، پیر لورین نے کہا کہ ایران گیس پٹرول اور بجلی پاکستان کو دینے کیلئے تیار ہے کیونکہ ایران پرگیس کی فراہمی کے حوالے سے بین الاقوامی کوئی پابندی نہیں جبکہ ایران نے معا ہدے کے تحت گیس پائپ لائن پاکستان کے سرحد تک پہنچا دی ہے۔ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل پیر لورین نے کہا کہ ایران پاکستان کو وافر مقدار میں ایل پی جی فراہم کررہا ہے، ایران سرحدی شہر گوادر کو 104 میگاواٹ بجلی فراہم کررہا ہے اور اب 2023 میں گوادر کو مزید 100 میگاواٹ بجلی فراہم کریں گے، بلوچستان میں بدامنی ایران کے مفاد میں نہیں، ایران کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے پاکستان ایران میں دہشتگردوں کی ٹھکانوں کی نشاند کرے ہم کارروائی کرینگے، انھوں نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہر ممکن سیکورٹی تعاون کے لئے تیار ہے ،بلوچستان یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب صدر عرفان سعید نے ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل پیر لورین کا پریس کلب آمد پرشکریہ ادا کیا۔