سیالکوٹ،7فروری(اے پی پی):ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میں “لیڈز جنریشن اینڈ ای میل مارکیٹنگ”کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر عامر مجید شیخ نے سیمینار کی صدارت کی جبکہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی ایونٹ کمیٹی کے چیئرمین میاں محمد خلیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔
سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ایس ایم ای کمیٹی کے چیئرمین فیضان اکبر نے چیمبر ممبران کو لیڈز جنریشن اینڈ ای میل مارکیٹنگ کے حوالے سے بریف کیا اور اپنے کاروبار کو لیکر آگے بڑھنے کے بارے میں مختلف معلومات دیں۔ اس موقع پر انہوں نے ایک پریذنٹیشن کے ذریعے شرکا کو بریفنگ دی اور اپنے تجربات سے متعلق بھی بتایا۔
میاں محمد خلیل نے بتایا کہ نئے انٹرپرینیورز کو اپنے کاروبار کی وسعت کے لیے پراڈکٹ کا نالج ہونا بے حد ضروری ہے کیونکہ مکمل پراڈکٹ نالج نہ ہونے تک کاروبارکا فروغ ناممکن ہے۔انہوں نے بتایا کہ جس ملک میں برآمد کرنی ہے وہاں کی ٹوٹل آبادی اور وہاں کن چیزوں کی ضرورت ہے کا بھی علم ہونا ضروری ہے۔
سیالکوٹ چیمبرکے سینئر نائب صدر عامر مجید شیخ نے بھی اس موقع پر گفتگو کی اور سیمینار میں شریک شرکاء کو اپنے کاروبار کو فروغ دینے کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام لوگ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ایس ایم ایز کے لیے آسانیاں پیدا کرنی ہیں اور جدت کی طرف بڑھنا ہے ۔