مانسہرہ،14فروری(اے پی پی): گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ دنیا میں ہمیں ایک متحد قوم کی حیثیت سے ابھرنا ہے اور بحثیت پاکستانی قوم اپنا ایک مقام پیدا کرنا ہے، ہم نے دنیا میں تعلیمی شعبہ میں اپنا نام بلند کرنا ہے اور اسلئے نوجوانوں کو اپنی تعلیم کا درست استعمال کرتے ہوئے نئی تحقیق و ایجادات کو سامنے لانا ہوگا۔
گورنر حاجی غلام علی نے ان خیالات کا اظہار ہزارہ یونیورسٹی کے 12ویں کانووکیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔ گورنر حاجی غلام علی نے کہا کہ پرفضا مقام پر واقع ہزارہ یونیورسٹی کا دورہ کر کے دلی خوشی ہوئی ہے، اس بات پر بھی خوش ہوں کہ موجودہ دور میں طلباء و طالبات جدید سہولیات پر مبنی تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن سہولیات زیادہ ہوں تو چیلنجز بھی زیادہ ہوتے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو ایٹمی طاقت ہے اور اسلئے بلاشبہ نوجوانوں پر مستقبل کی بھاری ذمہ داریاں عائد ہیں۔
گورنر نےکانووکیشن میں نمایاں تعلیمی پوزیشن حاصل کرنیوالے 105 طلباء و طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے جبکہ 1100 طلباء و طالبات میں ایم فل، پی ایچ ڈی، ماسٹر اور بیچلر ڈگریاں تقسیم کیں، اور مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنیوالے 1100 طلباء وطالبات، والدین اور یونیورسٹی فیکلٹی و انتظامیہ کو مبارکباد دی۔
کانووکیشن میں وائس چانسلر ہزارہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی رپورٹ بھی گورنر کو پیش کی۔