ملتان، 24فروری(اے پی پی ): جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں عوامی شکایات کے حل کا عمل تیز تر کردیا گیاہے اور ایک ماہ میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی جانب سے ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹمنٹس کو ارسال کی گئی 70 فیصد شکایات کا ازالہ کردیا گیا ہے۔پورٹل، تحریری طور پر اور میڈیا کے ذریعے آنیوالی شکایات پر عملدر آمد کی جانچ پڑتال بھی شروع کردی گئی ہے۔
عوامی شکایات پر عملدر آمد کا جائزہ لینے کے لئے ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن اینڈ کوآرڈنیشن ساوتھ پنجاب محمد فاروق ڈوگر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب کے تمام ایڈمنسٹریٹیو ڈیپارٹنمنٹس کے سیکشن آفیسرز و فوکل پرسنز نے شرکت کی۔
ایڈیشنل سیکرٹری محمدفاروق ڈوگر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے قیام کا مقصد عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن ر ثاقب ظفرنے عوامی شکایت کے فوری حل کے لئے سخت ہدایات جاری کی ہیں اور اسی بناء پر ان کے آفس میں شکایات سیل قائم کردیا گیا ہے۔
محمدفاروق ڈوگر نے کہا کہ سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا اولین ایجنڈا ہے اس لئے تمام ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹنمنٹ عوامی شکایات کے سو فیصد حل کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حقائق پر مبنی کرپشن بارے موصول ہونیوالی درخواستوں کو انٹی کرپشن کو بھیجاجائے اور سرکاری دفاتر میں ٹاوٹ مافیا کا داخلہ بند کردیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پانی چوری بارے شکایات کی ترجیحی بنیادوں پر انکوائری کی جائے اور صفائی اور سیوریج بارے شکایات کے حل کو اولین ترجیح دی جائے۔
ایڈیشنل سیکرٹری محمدفاروق ڈوگر نے شہر اولیاء میں سیوریج مسائل کا خصوصی ذکر کیا اور کہا کہ ملتان شہر میں سیوریج کے مسائل کے حل کے لئے واسا کی کارکردگی کو مانیٹر کیا جائے۔ انہوں نے ٹائم لائن دیتے ہوئے کہا کہ تمام محکمے 15 یوم کے اندر زیر التواء عوامی شکایات کا ازالہ کریں۔ انہوں نے شکایات پر عملدر آمد کے حوالے سے محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر جنوبی پنجاب اور محکمہ جنگلات کی کارکردگی کی تعریف کی۔
سیکشن آفیسر کوآرڈینیشن وجیہہ رسول،سیکشن آفیسر محکمہ صحت اسداللہ شہزاد اور فوکل پرسن اکمل حسنی بھی اجلاس میں موجودتھے۔