اٹک،25 فروری(اے پی پی): ڈی پی او اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان نے کہا ہے کہ حالیہ بڑھتی دہشت گردی پر قابو پانا اولین ترجیح ہے،ضلع بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا نظام بہتر کرکے تمام عملہ کو ضروری آلات سے لیس کیا گیا ہے،ضلع بھر سے منشیات، فحاشی کے اڈوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ کوئی ایس ایچ او کام نہ کرے تو سائلین مجھے براہ راست ملیں میں تدارک کروں گا۔ صحافیوں سے میٹنگ کا مقصد صرف مسائل کو زیر بحث لانا نہیں بلکہ ان کا حل تلاش کرنا ہے میڈیا جرائم کی نشاندہی کرے فوری کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وہ ڈی پی او دفتر میں الیکٹرونک وپرنٹ میڈیا نمائندگان سے پہلی تعارفی میٹنگ سے خطاب کررہے تھے، پی آر او شہروز خانزادہ، دیگر پولیس افسران، چیئرمین اٹک پریس کلب شیخ فیصل جاوید، معروف صحافی شیخ جاوید اقبال، نثار علی خان اور نواز خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔
صحافیوں نے ڈی پی اوکو اٹک میں خوش آمدید کہا اور اٹک پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کر اتے ہوئے ملکر معاشرے سے جرائم کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ صحافیوں نے ڈی پی او کو تجاویز دیں اور مسائل بھی پیش کئے۔سینئر صحافی، ڈسٹرکٹ رپورٹر اے پی پی نثار علی خان نے تھانہ حضرو کی حدود لکوڑی میں اوورسیز پاکستانیز کے گھر میں دو ماہ قبل ہونے والی ڈکیتی کے ملزمان کی عدم گرفتاری بارے آگاہ کیا جس پر ڈی پی او سردار غیاث گل خان نے انہیں یقین دلایا کہ وہ ذاتی دلچسپی لیکر ڈکیت گرفتار کروائیں گے۔ انہوں نے ڈکیتی کے حوالہ سے رپورٹ بھی طلب کر لی۔
ڈی پی او اٹک نے مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ بڑھتی چوریوں اور گن پوائنٹ پر لوٹنے والوں کے خلاف جامع پلان بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافی اور پولیس نے ملکر معاشرے سے جرائم اور برائیوں کا قلع قمع کرنا ہے کیونکہ میڈیا اور پولیس کا حقیقتاً چولی دامن کا ساتھ ہے۔ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی اولین مقصد ہے، اس بات کو بھی یقینی بنائیں گے کہ تھانے اور چوکیات وغیرہ پر کسی کے ساتھ زیادتی نہ ہو جن کی کوئی سفارش نہیں،وہ آدمی ہمیں سب سے اہم ہے کہ اسکی سفارش اللہ ہے۔
ڈی پی او نے کہا کہ ٹریفک پولیس عملہ کے ساتھ سے مل کر شہر کے کچھ حصہ کو ٹریفک کے حوالہ سے رول ماڈل بنائیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف جو درخواست آتی ہے اس پر کارروائی کو موثر بنایا گیا ہے،قتل کر مجرموں کو فوری گرفتاری کر کے مدعیان کو انصاف دلا یا جا رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا عملہ سب کے ساتھ تعاون کرے گا نہیں تو میں خود موجود ہوں سائل کو اس کا مسئلہ حل کرکے بھیجیں گے۔