حضرت واصف علی واصف کا سالانہ عرس شروع ہوگیا،عقیدت مندوں کی کثیر تعداد میں شرکت

54

لاہور،14فروری(اے پی پی):معروف روحانی رہنما و صوفی دانشور حضرت واصف علی واصف  کا اکتیسواں سالانہ عرس میانی  صاحب میں  واقع ان کے مزار پررسم چادر پوشی کے ساتھ شروع ہوگیا جس میں مقامی اور دور دراز سے آئے عقیدت مندوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پرسردار  نصراللہ خان دریشک نے عقیدت مندوں کے ہمراہ رسم ادا کی اور درود وسلام کی پر وقار روحانی محفل بھی منعقد ہوئی جس میں اسلام کی سربلندی،ملک و ملت کو درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے، ترکی اور شام  میں حالیہ زلزلے سے متاثرین کے لیے  خصوصی دعا کی گئی۔بعد از نماز عشا محفل سماع ہوئی جس میں آصف علی سنتو و ہمنوا نے شرکت کی۔

عرس کے دوسرے روز 15 فروری کو الحمرا ہال نمبر 2 میں حضرت واصف علی واصف کی زندگی اور تعلیمات کے حوالے سے سیمینار ہوگا جس کی صدارت مجیب الرحمن شامی کریں گے۔