پشاور، 5 فروری(اے پی پی): نگراں وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم نے کہا ہے کہ آج ہم کشمیری عوام کے جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے جس کے لئے کشمیری عوام سات دہائیوں سے جدو جہد کر رہے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار نگراں وزیراعلی محمد اعظم خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعلی ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔
وزیراعلی محمد اعظم خان نے کہا کہ ریاستی جبرو تشدد سے آزادی کی اس جدوجہد کو کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا کیونکہ کشمیری عوام نے اپنے اس بنیادی حق کے حصول کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے پرامن حل سے وابستہ ہے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں کردار ادا کرے۔ ہم بھی آزادی کے حصول تک اپنے کشمیری بہن ، بھائیوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعلی ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں گورنر، نگران کابینہ اراکین، سرکاری حکام، حریت کانفرنس کے رہنماؤں، طلبہ، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔