اٹک، یکم فروری(اے پی پی): کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب انتظامی معاملات کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹک کے دورے کے موقع پر کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذوالفقار احمد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ وقار اکبر چیمہ، اسسٹنٹ کمشنر حضرو محمد سلیم راجہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے آغاز پر کمشنرراولپنڈی نے دیہی مرکز مال حسن ابدال کادورہ کیا اوروہاں پر متعلقہ امور کا جائزہ لیا بعد ازاں ضلع بھر کے محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ ڈپٹی کمشنر اٹک نے کمشنر راولپنڈی کو ضلع اٹک کی تاریخی، جغرافیائی، سیاحتی، معدنیاتی اور زرعی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی۔
ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں اس وقت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 118سکیموں پر کام ہو رہا ہے۔جن پر 26376.82ملین روپے لاگت آئے گی۔ان سکیموں میں ہائی وے کی 26 سکیموں پر 1011ملین، بلڈنگ کی 22سکیموں پر 2487.363 ملین،پبلک ہیلتھ کی 7 سکیموں پر 1340ملین،سمال ڈیمز کی 3سکیموں پر 1868ملین،سپورٹس کی دو سکیموں پر 189ملین،آئی ڈیپ کی 1سکیم پر 5320ملین روپے لاگت آئے گی۔
اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کو ڈینگی کرونا پولیو اور دیگر اہم موضوعات پر بریفنگ دی گئی۔ڈی سی اٹک نے کمشنر راولپنڈی کو بتایا کہ پرائس چیکنگ میں ضلع اٹک اول نمبر پرہے۔اس کے علاوہ آٹے کی غیر قانونی نقل و حرکت پر بھی سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔کمشنر راولپنڈی نے دورے کے دوران حاجی شاہ روڈ کی تعمیر کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر محکمہ ہائی وے کے افسران نے بتایا کہ اس سڑک کی لمبائی 9.80کلومیڑ جس پر 986.693 ملین روپے لاگت آئے گی اور یہ دسمبر 2023میں مکمل ہوگی۔ کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ ہسپتال75 کنال پر مشتمل ہے جس پر 5320ملین روپے لا گت آئے گی۔
کمشنر راولپنڈی نے گورنمنٹ اسفندیار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال،اٹک خورد پر قائم آٹا چیک پوسٹ اور پیپلزکالونی میں قائم آٹا تقسیم پوائنٹ کا بھی دورہ کیا اورمتعلقہ افسران نے انہیں بریفنگ دی۔