پشاور، 24 فروری (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ خواتین کو زیور تعلیم سے آراستہ کئے بغیر ملکی ترقی و خوشحالی ممکن نہیں،آج معذور بچیوں نے بھی ڈگری حاصل کی ہے جس پر نہ صرف دلی خوشی ہوئی بلکہ ان کے تعلیمی جذبہ کو سلام پیش کرتا ہوں، ڈگری حاصل کرنیوالی 3 معذور بچیوں کو ملازمت دینے کا اعلان کرتا ہوں،فارغ التحصیل ہونےوالی طالبات کا اب دوسرا سفر شروع ہونے جا رہا ہے، جدوجہد و جستجو کو زندگی کا حصہ بنائے رکھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وویمن یونیورسٹی مردان کے پہلے کانووکیشن میں بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنرنے کانووکیشن میں نمایاں تعلیمی پوزیشن حاصل کرنےوالی 50 طالبات کو گولڈ میڈلز پہنائے، 500 طالبات میں ماسٹر اور بیچلر ڈگریاں تقسیم کیں۔اس موقع پروائس چانسلر وویمن یونیورسٹی مردان پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین نے یونیورسٹی کی مجموعی کارکردگی رپورٹ بھی گورنر کو پیش کی۔کانووکیشن میں مردان چیمبر کے صدر ظاہر شاہ، سیاسی و سماجی شخصیات، طالبات اور والدین اور دیگر متعلقہ افراد شریک تھے۔ گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے مختلف شعبوں میں تعلیم مکمل کرنےوالی طالبات، والدین اور یونیورسٹی فیکلٹی و انتظامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں والدین کو بہت پیاری ہوتی ہیں، تعلیمی میدان میں کامیابی کی طرح عملی زندگی میں بھی والدین کا فخر بننا ہے، بطور چانسلر میری حقیقی خوشی یہ ہے کہ یونیورسٹیوں سے طلبا و طالبات جیسے ہی فارغ ہوں تو فوری انہیں ملازمت و روزگار مل جائے، یونیورسٹیوں کو صنعت و انڈسٹری کے ساتھ قریبی رابطے برقرار رکھنے چاہیں۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں ملکی صنعت و انڈسٹری کی ضرورت کے مطابق طلبا و طالبات کو ریسرچ کے مواقع فراہم کریں،وائس چانسلرز کو سرکاری و نجی یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم کے فرق کی وجوہات کو سمجھنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت وسائل و سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے لیکن ہم سب کو اپنے حصہ کا کام ایمانداری سے انجام دینا ہو گا، وویمن یونیورسٹی مردان کی مجموعی کارکردگی پر انتظامیہ و فیکلٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،بلاشبہ وویمن یونیورسٹی مردان نے کم عرصہ میں عمدہ تعلیمی کارکردگی دکھائی ہے۔