خیرپور ؛شاہ عبداللطیف یونیورسٹی میں یوم یکجہتی کشمیر پر تقریب منعقد، ریلی بھی نکالی گئی

7

خیرپور،05فروری(اے پی پی): شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں کشمیر طلبہ سوسائٹی کے زیرِ اہتمام یومِ یکجہتی کشمیرپراسٹوڈنٹ سوسائٹیز سینٹر میں تقریب منعقد ہوئی۔جس میں تقریری مقابلے کا انعقاد ہوا اور ایک یکجہتی ریلی بھی برآمد کی گئی۔پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے اس دن کی تقریبات کی صدارت کی۔

اس موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر تاج محمد لاشاری نے کہا کہ آج کا یومِ یکجہتی کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خلیل احمد ابوپوٹو کی ہدایات پر منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کی مسلسل جابرانہ اور جارحانہ پالیسیوں اور مظالم نے مقبوضہ کشمیر میں وسیع مشکلات پیدا کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حالت زار افسوسناک ہے،حکومت پاکستان نے اس مسئلے کو مختلف بین الاقوامی فورمز یعنی اقوام متحدہ، او آئی سی اور سارک میں نام نہاد بھارتی حکومت کے دشمنانہ رویے کو اجاگر کیا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ وادی میں محاصرے اور آپریشن جاری ہے۔

ڈاکٹر لاشاری نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو سفارتی اور سیاسی محاذوں پر پر اجاگر کرنے پر سول اور عسکری قیادت کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا موقف ہے کہ اس مسئلے کو پرامن طریقے سے جامع مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔

اس موقع پر کیمپس کے احاطے میں یکجہتی ریلی بھی نکالی گئی۔ شرکاءنے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔