فیصل آباد،13فروری(اے پی پی):ریڈیو پاکستان فیصل آبادکے اسٹیشن ڈائریکٹر فلک شیر ناگرہ نے کہا کہ ہر سال13 فروری کو ریڈیو کا عالمی دن اقوام متحدہ کے ذیلی ادارہ یونیسکوکے2012کے فیصلہ کے مطابق بھرپور طریقے سے منایا جاتا ہے جبکہ اس سال کا تھیم ریڈیو اورامن ہے نیززمانہ امن اور جنگ کے دوران ریڈیو کا کردار بڑا اہم رہا ہے کیونکہ ٹی وی،اخبار اور سوشل میڈیا سے آسان اس کی رسائی ہے اور دوردراز علاقوں میں بھی اس کی نشریات بآاسانی سنی جاسکتی ہیں۔
ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر ایک ملاقات میں انہوں نے کہا کہ گھریلو خواتین خانہ اپنے روز مرہ کے کام کاج کے ساتھ ساتھ ریڈیو کے پروگرامز بھی سن سکتی ہیں جبکہ ڈرائیونگ کے دوران بھی شہریوں کو ٹریفک کے بہاؤ کے متعلق آگاہی فراہم کی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بننے کا اعلان بھی ریڈیو پاکستان سے ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ1965کی جنگ ہو یا 1971 کی،قدرتی آفات،سیلاب،زلزلہ یادیگر قومی سانحات ہوں ریڈیو پاکستان نے ہمیشہ بڑا اہم کردارادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی،تعلیمی،قرآن کی تفسیر،یوتھ،بچوں،کھیلوں اور تفریحی پرگرامز کے ذریعے ہر قسم اور ہر عمرکے لوگ مستفید ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب جدید زمانہ کے تقاضوں کے تحت اس کے پروگرامز کو نشر کیا جارہاہے جبکہ ریڈیو کل بھی زندہ تھا اور مستقبل میں بھی قائم و دائم رہے گا۔
فلک شیر ناگرہ نے کہا کہ ٹی وی، کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی آمد کے بعد آج بھی دُنیا کے کروڑوں افراد کے زیر استعمال ریڈیو کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا جارہا ہے جبکہ 19ویں صدی عیسوی میں نوع انسانیت کیلئے ریڈیو بھی ایک حیرت انگیز ایجاد سمجھی جاتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج ریڈیو کی ایجاد کو 111 برس مکمل ہوچکے ہیں لیکن دلچسپ طور پر آج بھی ریڈیو ابلاغ عامہ کے مؤثر ترین ذرائع میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قدیم دور میں ریڈیو کا سائز بڑا ہوا کرتا تھا جس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تبدیلی آئی اور آج صورتحال یہ ہے کہ ریڈیو موبائل فونز میں شامل کرلیا گیاہے لہٰذاموجودہ دور میں ریڈیو کے صارفین اپنے موبائل پر صرف ایک ہینڈز فری لگا کر اپنی پسند کا چینل سن سکتے ہیں جہاں فلمی گیتوں سے لے کر تازہ ترین خبروں تک ہر من پسند نشریات دستیاب ہے۔
فلک شیر ناگرہ نے کہا کہ اکثر لوگ خبریں سننے کیلئے بھی ریڈیو کا استعمال پسند کرتے ہیں اورحیرت انگیز طور پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ٹی وی تقریباً ہر انسان کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے جس کی آمد کے بعد ریڈیو کی اہمیت وقت کے ساتھ ساتھ کم ضرور ہوئی تاہم وقت نے ثابت کیا کہ بے شمار لوگ آج بھی ٹی وی دیکھنے کی بجائے ریڈیو سننا پسند کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی ادارے اقوامِ متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 44 ہزار ریڈیو اسٹیشنز اپنے 5 ارب سامعین کیلئے آج بھی 24 گھنٹے نشریات پیش کر رہے ہیں جو دنیا کی مجموعی آبادی کے تقریباً 70 فیصد عوام کے زیر استعمال ہے نیز ریڈیو کا استعمال کم ہونے کی بجائے بڑھ رہا ہے۔