سانحہ حب بس حادثہ،صوبائی وزیرداخلہ میرضیاءاللہ لانگو کاتحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ

7

کوئٹہ،6فروری(اے پی پی):صوبائی وزیرداخلہ میرضیاءاللہ لانگو نے سانحہ حب بس حادثے پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری ویڈیو پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مائوں بہنوں اور بچوں کو آئے روز یوں حادثات میں جلتا ہوا نہیں دیکھ سکتے ،حادثے میں جو بھی ملوث ہوا اسے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے جبکہ تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے کا مقصد اصل محرکات کو سامنے لانا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ  بس حادثے کی تحقیقات میں کوئی کوتاہی قابل برداشت نہیں ہوگی ،میں بس حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو یقین دلاتا ہوں کہ انصاف انکی دہلیز پر پہنچے گاواقعے میں جاں بحق افراد کا لہو ہم پر قرض ہے اور اس ضمن میں انصاف کے تقاضے پورے کرکے یہ قرض اتارا جائے گا۔ ان کا کہنا ہے  کہ تحقیقات میں کوئی بھی شخص خود کو قانون سے بالاتر ہونے کا تصور بھی نہ کرے۔

 واضح رہے کہ سانحہ حب بس  حادثہ میں  40افراد جاں بحق ہوئے تھے ۔