سکھر؛کشمیر پر بھارتی تسلط و مظالم کیخلاف مظاہرے و ریلیاں، فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی

16

سکھر،05فروری(اے پی پی: ) مختلف سیاسی سماجی تنظیموں کی جانب سے کشمیر پر بھارتی تسلط ،وہاں پر جاری مظالم اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرے و ریلیاں نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔

 ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر سکھر شہزاد طاہر تھہیم کی سربراہی میں میونسپل اسٹیڈیم سے پریس کلب تک ایک ریلی نکالی گئی ۔ریلی کے شرکاء  نے  ہاتھوں میں قومی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت کے کشمیریوں پر جاری مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔ ریلیوں اور مظاہروں کے دوران شہر کی فضا کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتی رہی ۔

ریلی کے اختتام پر ڈی سی سکھر شہزاد طاہر تھہیم و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی نہیں مل جاتی پاکستان اور پاکستانی ان کے ساتھ ہیں اور ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وہ دن دور نہیں ہے جب کشمیری بھی پاکستان کاحصہ ہونگے ۔

مقررین کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمبرسار تنظیمیں کشمیر میں جاری مظالم اور بھارت کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے جیسے اقدامات کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیر کو آزادی دلائیں۔

ریلی میں ضلع انتظامیہ کے افسران ،شہریوں ،سیاسی سماجی کارکنوں ،تاجروں اور اسکولوں کے طلباءو طالبات بھی شریک ہوئے ۔