سکھر؛یوم یکجہتی کشمیر پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ریلی، بھارتی غاصبانہ قبضہ کی پرزور مذمت

8

سکھر،05فروری ( اے پی پی) یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جماعت اسلامی کے زیر اہتمام کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی جس میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی گھنٹا گھر  سے شروع ہو کر سکھر پریس کلب پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔

ریلی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی جبکہ شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی غاصبانہ  قبضہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی گئی۔ریلی میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لئے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔

 اس موقع پر ریلی سے خطاب  نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ، امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر سلطان لاشاری و دیگر نے خطاب کرتے کوئے کہا کہ آج کا دن منانے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم مظلوم کشمیری بھائیوں کو یہ باور کراسکیں کہ وہ جدوجہد آزادی کی تحریک میں تنہا نہیں ہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سلامتی کونسل اقوام متحدہ کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیری بھائیوں کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے اور بھارتی ظلم و بربریت کو ختم کیا جائے۔