سیالکوٹ،14فروری(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کیطرف سے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کے لئے امدادی سامان کی پہلی کھیپ تیار کر لی گئی ہے، امدادی سامان میں فوڈ ہیمپرز اور گرم کمبل شامل ہیں جبکہ سکولوں کے طلبہ و طالبات کیطرف سے 45لاکھ روپے عطیہ بھی وزیرا عظم ریلیف فنڈ میں جمع کرادیا گیا ہے، دوسری طرف فلور ملز ایسوسی ایشن نے بھی متاثرین کی مدد کیلئے 25لاکھ روپے عطیہ کا چیک دیا ہے۔
یہ تفصیلات انہوں نے امدادی سامان کے معائنہ کے موقع پر بتائیں، اے ڈی سی جی شاہد عباس بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے بتایا کہ 310 فوڈ ہیمپرز چینی، کوکنگ آئل، خشک دودھ، مصالحہ جات، دالوں اور چاول سمیت 35اشیائے خورد و نوش پر مشتمل ہیں،اسکے علاوہ 700کے قریب کمبل اور رضاعیاں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ چند دن میں مزید 600فوڈ ہیمپرز بھی بھجوائے گی جبکہ ریلیف کیمپس پر بھی شہری اپنے عطیات جمع کروا سکتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے سکولوں کے طلبہ و طالبات کی طرف سے 45لاکھ روپے عطیہ پر سٹوڈنٹس کے جذبہ کو زبردست سراہا اور بتایا کہ یہ رقم وزیر اعظم پاکستان کے زلزلہ متاثرین کیلئے قائم ریلیف اکاؤنٹ میں جمع کروا دی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان سے فلور ملز ایسویسی ایشن کے صدر سلمان چیمہ، نائب صدر متین محمود بٹ، ممبران رضوان چوہدری، حاجی منیر احمد، حاجی رفیق، جاوید خان نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عظمت علی کے ہمراہ ملاقات کی اور تنظیم کی طرف سے متاثرین زلزلہ کیلئے 25لاکھ روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔