سیالکوٹ؛ آذربائیجان کے سفیر خضر فرہاد کا سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررزایسوسی ایشن آف پاکستان (سیماپ)کا دورہ

22

سیالکوٹ،06 فروری (اے پی پی): آذربائیجان کے سفیر خضر فرہاد نے سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررزایسوسی ایشن آف پاکستان (سیماپ)کا دورہ کیا۔ چئیرمین سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررزایسوسی ایشن آف پاکستان  جہانگیر بابر باجوہ نے معزز مہمانوں سے سیالکوٹ میں تیار ہونے والے آلات جراحی کے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر آلات جراحی کی تیاری کے حوالے سے تیار کردہ ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں معزز مہمانوں نے گہری دلچسپی دکھائی اورآلات جراحی کی تیاری کے مراحل کا بغور جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے  چئیرمین سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررزایسوسی ایشن آف پاکستان  جہانگیر بابر باجوہ نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دوطرفہ بہتر تعلقات ہیں جن سے دونوں ممالک مستفید بھی ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور آذربائیجان دونوں ممالک ہمیشہ سے ایک دوسرے کو سپورٹ کرتے آ رہے ہیں لیکن ہمارا دوطرفہ تجارتی حجم بہت کم ہے جسے بڑحانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ دونوں ممالک کے عوام ان بہتردوطرفہ  تعلقات سے مذید لطف اندوز ہو سکیں۔

آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوونے پاکستان اور آذربائیجان کی دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے موثر و ٹھوس اقدامات اٹھانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ بلاشبہ ایک اہم تجارتی شہر جو پاکستان کے زرمبادلہ میں اضافے کا باعث بن رہا ہے، سیالکوٹ شہر کے ہاتھ سے تیار کردہ آلات جراحی دنیا بھر میں مستند سرجن استعمال کرتے ہیں  جنہیں ہر جگہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے سیماپ کے وفد کو آذربائیجان کے دورے کی دعوت بھی دی جسے چئیرمین سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررزایسوسی ایشن آف پاکستان   جہانگیر بابر باجوہ نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا وفد آذربائیجان کا دورہ کرے گا اور ہم ملکر دوطرفہ تجارت کے فروغ کے لیے آگے بڑھیں گے۔

قبل ازیں سیماپ  آمد  پر  چئیرمین سرجیکل انسٹرومنٹس مینوفیکچررزایسوسی ایشن آف پاکستان  جہانگیر بابر باجوہ اور سینئر وائس چیئرمین چوہدری فیصل اکرام نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہا  اور گلدستے پیش کیے۔آزربائیجان کے سفیرکی اہلیہ مس ترانہ فرہادووبھی  اس موقع پر انکے ہمراہ تھیں۔