سینئر جج جسٹس انوار الحق پنوں جوڈیشل کمپلیکس بہاولپور میں پودے لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا

24

احمدپورشرقیہ،23 فروری (اےپی پی): لاہور ہائی کورٹ بہاولپور بنچ کے سینئر جج جسٹس انوار الحق پنوں، جسٹس صادق محمود خرم، جسٹس صفدر سلیم شاہد اور جسٹس محمد امجد رفیق نے جوڈیشل کمپلیکس بہاولپور میں پودے لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پرجوڈیشل کمپلیکس میں 120سے زائدسایہ دار پودے لگائے گئے۔

سینئر ایڈیشنل رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ بہاول پور بنچ محمد نوید اقبال،ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل لاہور ہائی کورٹ بہاول پور بنچ محمد شاہد حسین، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بہاول پور راجہ غضنفرعلی خان اور دیگر جوڈیشل افسران نے بھی پودے لگائے۔ جج صاحبان نے پودے لگا کر ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔

سینئر جج لاہور ہائی کورٹ بہاول پور بنچ بہاولپور جسٹس انوار الحق پنوں کو جوڈیشل کمپلیکس کے زیرِ تکمیل منصوبے بارے بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جسٹس انوار الحق پنوں نے ہدایت کی کہ پودے لگا کر ان کی آبیاری اور نگہداشت پر بھی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آب وہوا کی مناسبت کے مطابق پودوں کی اقسام منتخب کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گھروں میں کچن گارڈننگ کو فروغ دیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ جوڈیشل کمپلیکس بہاول پور کے زیر تکمیل منصوبہ کو مقررہ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

 جسٹس انوار الحق پنوں نے جوڈیشل کمپلیکس میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔