شمالی وزیرستان،13فروری(اے پی پی): شمالی وزیرستان میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے ۔ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک نے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے اپنے پیغام میں عوام اور والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران ایک لاکھ 42 ہزار 400 بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 620 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،شمالی وزیرستان کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی پولیو ورکر تعینات ہیں تاکہ دوسرے علاقوں سے انے جانے والے خاندانوں میں موجود بچوں کو بھی پولیو قطرے پلائے جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکر کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ہے، جس کیلئے پورے ضلع میں چودہ سو چالیس پولیس اہلکار تعینات ہیں۔